ریسکیو چیلنج کا مقصد ایمرجنسی سروسز اہلکاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے : ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے نیشنل ریسکیو چیلنج کی چیمپین ٹیم گوجرانوالہ اور مختلف انفرادی چیلنجز جیتنے والی ٹیموں کوکامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو چیلنج کا مقصد ایمرجنسی سروسز کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور کوارڈینیشن کومزید بہتر کرنا ہے تاکہ کسی سانحہ یا ڈیزاسٹر کی صورت میں متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی سروسز کی کوارڈینیشن اور باہمی تعاون سے زیادہ سے زیادہ متاثرین کی جان بچائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کے حامل پروفیشنل و ریسکیو ٹیم انٹرنیشنل ریسکیو چیلنج جو 21 اور 22اکتوبر کو اسی اکیڈمی میں ہونے جا رہا ہے پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔نیشنل ریسکیو چیلنج میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، سی ڈی اے اسلام آباد، ریسکیو وارڈن، آغا خان نیشنل ہیبیٹیٹ، الخدمت فاونڈیشن پاکستان، ریسکیو سکاﺅٹس سیالکوٹ اورریسکیو پنجاب کی 9ڈویژنل ٹیموں سمیت 18ٹیموں نے حصہ لیا۔تیرھویں نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب ایمرجنسی سروسز اکیڈمی و ریسکیو ہیڈکوارٹرز، ٹھوکر نیاز بیگ لاہور منعقد ہوئی۔اختتامی تقریب میں 18شرکاءٹیموں سمیت اکیڈمی و ریسکیو ہیڈ کوار ٹرز کے افسران ،ریسکیورز، زیرتربیت پاکستان بھر کے ریسکیو کیڈٹس، پاکستان بھر کے ایمرجنسی سروسز کے نمائندگان اور کثیر تعداد میں سول سوسائٹی سے لوگوں نے شرکت کی۔نیشنل ریسکیو چیلنج کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایمرجنسی سروسز کے آغاز سے UN-INSARAG سرٹیفیکیشن حاصل کرنے اور ترکیہ کے زلزلے میں انٹرنیشنل ریسپانس تک کے کامیاب سفرکی تفصیلات کا ذکر کیا ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی نے اپنے قیام سے لے کر اب تک پاکستان کے تمام صوبوں میں 25000 سے زائد ریسکیو اہلکاروں کو تربیت فراہم کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ریسکیو چیلنج نے حصہ لینے والی ٹیموں اور ایمرجنسی ورکر کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کیا ہو گا تاکہ ریسکیو ورکرز عوام الناس کو بہتر ایمرجنسی سروسز فراہمی کرتے ہوئے لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کر سکیں ۔ مزید کہا کہ یہاں موجود تمام ٹیموں نے ایک دوسرے کے بہترین تجربات سے سیکھا ہو گا اور اپنے اپنے علاقے میں کسی بھی ایمرجنسی یا قدرتی آفت کی صورت میں اسی جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کریں گے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ جس نے ایک جان بچائی اُس نے پوری انسانیت کو بچایا۔ نیشنل ریسکیو چیلنج- 2024 میں سات طرح کے چیلنجز شامل تھے اور ان مہارتوں کی جانچ بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت یافتہ ، غیر جانبدارانسٹرکٹر نے کی۔ نیشنل ریسکیو چیلنج میں گوجرانولہ ڈویژن کی ٹیم پاکستان بھر کی 18 بہترین ٹیموں میں کارکردگی کی بنیاد پر نیشنل ریسکیو چیلنج فتح ٹیم کردار پائی۔ مجموعی طور پر چیلنج میں دوسری پوزیشن بہاولپور اور تیسری خیبر پختونخواہ نے حاصل کی، انفرادی مقابلہ جات میں گوجرانولہ ڈویژن نے دونوں فائر فٹ، سوئمنگ اور ہائٹ ریسکیو میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ راولپنڈی نے ٹراما چیلنج میں پہلی، بہاولپور نے واٹر ریسکیو میں پہلی، ملتان نے ڈیپ ویل ریسکیو میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ تقریب اختتام پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے نیشنل ریسکیو چیلنج 2024 کی فاتح ٹرافی گوجرانوالہ ڈویژن کی ٹیم کو پیش کی اور انفرادی مقابلہ جات جیتنے والی ٹیموں کو بھی انعامات دیئے گئے۔