حکومت آئینی ترامیم ،اپوزیشن احتجاج ملتوی کرے:فضل الرحمن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) جے یوآئی کے سربراہ فضل الرحمن نے کہا ہے آرٹیکل 63 اے پرسپریم کورٹ کا فیصلہ قبول ،میچ فکسنگ نہیں ہونی چاہیے،حکومت آئینی ترامیم اور اپوزیشن احتجاج شنگھائی کانفرنس تک ملتوی کردے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاشنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں غیرملکی مہمانوں کی پاکستان آمد ہوگی، حکومت اجلاس تک آئینی ترمیم کا بل پیش کرنے کا عمل موخر کردے، داخلی و سیاسی تنازعات کو یکجہتی میں بدل دیا جائے، اپوزیشن سے بھی اپیل کروں گا وہ احتجاج موخر کردے تاکہ عوام کی صفوں سے مہمانوں کو کوئی منفی پیغام نہ جائے۔

جے یوآئی سربراہ نے کہاپی ٹی ایم کے جرگے کے رکن پر تشدد ہوا، نظرئیے اور بیان سے اختلاف ہوسکتا ہے مگر تشدد مسئلے کا حل نہیں، غیر مسلح جرگہ ہورہا ہے اگر سوچا جائے کوئی پاکستان مخالف عمل ہوگا تو مزید مشتعل کرنے کا سبب بنے گا،آئینی ترامیم میں ایمرجنسی پر حیرت ہے، اتوار کو ہی بل پاس کرنا ہے ورنہ پیر کو آسمان گرجائے گا۔

آرٹیکل 63 اے کے فیصلے پر فضل الرحمن نے کہا عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہیں لیکن کوئی میچ فکسنگ ،سیل پرچیز کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے، عدالت کا احترام اپنی جگہ لیکن ماضی کی روایات ہیں غلط استعمال بھی کیا گیا اسے بھی مدنظر رکھا جائے۔