ساہیوال (چوہدری اشرف سے) چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈئر (ر) بابر علاﺅ الدین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کی بھلائی اور دوررس اصلاحات کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے77 منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیاہے اور تمام منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے مانیٹرنگ کا نظام واضح کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنے اپنے علاقوں کے نمائندے ہیں اور میڈیا کے تمام ذرائع استعمال کر کے عوام کو آگہی دی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کمشنر آفس میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر سکیم،صحت کارڈ اور اپنا گھر اپنی چھت جیسے منصوبوں پر آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک بڑا کینسر ہسپتال، سرگودھا میں کارڈیالوجی ہسپتال کے قیام کا آغازبھی کر دیا گیاہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کے ہر ضلع میں سالڈ ویسٹ کمپنییوں کا قیام اور تمام شہروں کے ساتھ لینڈ فل سائٹس قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گاں کی سطح پر صفائی کا نظام رائج کیا جائے گا۔ برگیڈیئر (ر) بابر علاﺅ الدین نے بتایا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ گھروں کے نزدیک علاج میسر آئے۔ پولیس کے نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ نے کہا کہ ذہین بچوں کو بڑی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے وظائف دیے جا رہے ہیں اور 2لاکھ روپے ماہانہ تک آمدن والے والدین کے بچے ان سے مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پسپ منصوبے کی تکمیل سے ساہیوال میں سیوریج کا نظام جدید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گورننس باقی صوبوں سے بہت بہتر ہے۔انہوں نے بتایا کہ KPKکے زیادہ تر مریض پنجاب میں علاج کے لئے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے ساتھ اپنے رویوں کو بہتر کریں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے سرکاری ٹھیکوں میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز عوام کی بھلائی اور دوررس اصلاحات کیلئے کوشاں ہیں: بابر علاﺅ الدین



















