آئینی ترامیم نہ ہونے پر پیدا ہونےوالے حالات پھر شاید کسی کے کنٹرول میں نہ رہیں،بلاول بھٹو

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے آئینی ترامیم نہ ہونے پر پیدا ہونےوالے حالات پھر شاید کسی کے کنٹرول میں نہ رہیں،ترامیم 25 اکتوبر سے پہلے ہوجائیں تو معاملہ پرامن طور پر حل ہوجائے گا۔

سپریم کورٹ کے رپورٹرز سے غیر رسمی گفتگوکرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہامعاملے کو ایسے نہیں چھوڑیں گے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، پہلے ہی بہت تاخیر کا شکار ہوچکے ،کون بنے گا آرمی چیف اور کون نہیں بنے گا کھیل کھیلا گیا، 9 مئی واقعات بغاوت کے قریب ترین تھے،اٹھارویں ترمیم کے ذریعے مارشل لا کا راستہ روکا گیا۔

چیئرمین پی پی نے کہاآئینی ترامیم بعد میں بھی ہوسکتی ہیں لیکن پھر آمنے سامنے کی صورت حال ہوسکتی ہے،عدلیہ نے جو کیا اس کی ٹائمنگ پر کیوں بات نہیں ہو رہی جس طرح مخصوص نشستوں پر حکم امتناع جاری کیا گیا اس کی ٹائمنگ پر بات کیوں نہیں کی جاتی، جب 14 ستمبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس ہونا تھا اس وقت ہفتے والے دن ججوں کی 4 صفحات کی وضاحت کی ٹائمنگ پر سوال کیوں نہیں کیا جاتا۔

بلاول بھٹو نے کہاآئینی عدالت کے سربراہ کی مدت 3سال ہوگی ،فوجی عدالتوں کے قیام کے حق میں نہیں ، وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا جواز سپریم کورٹ کی اپنی ماضی کی تاریخ ہے،کراچی بدامنی کیس 2011 سے اب تک چل رہا ہے، کبھی واٹر کمیشن بن جاتا ہے اور واٹر کمیشن وہاں بھی جاتا ہے جہاں پانی ہی نہیں ،کراچی بدامنی کیس کو بہانہ بنا کر عدلیہ نے بلدیاتی نظام ہی متاثر کردیا، کیا بدامنی صرف کراچی میں ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بدامنی نہیں۔

صحافی نے سوال کیا کیا آپ عمران خان کے ملٹری ٹرائل کے حق میں ہیں تو بلاول نے جواب دیا ابھی تو دیکھنا ہے شواہد کیا ہیں، ویسے بھی صدارتی معافی کا اختیار ہمارے پاس ہے،پیپلز پارٹی سزائے موت کےخلاف ہے۔