استحصالی نظام کھوکھلا ہوکرزمین پر گرنے والا ہے،نعیم الرحمن

چترال:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے 77سالوں سے کرپٹ اشرافیہ، سیاستدانوں، جرنیلوں اور افسرشاہی کا گٹھ جوڑ توڑنے ،ملک کو چنگل سے آزاد کرانے کا وقت آگیا ، عوام میں قربانی دینے ،غاصب قوتوں اور قبضہ مافیاکو للکارنے کی ہمت پید ا ہوچکی ،نوجوانوں کو اب ملکی حالات سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ، استحصالی نظام اندر سے کھوکھلا ہوکر اب زمین پر گرنے والا ہے۔

پولوگراﺅنڈ چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا23اکتوبر کو عوامی ریفرنڈم کرائیں گے،قوم کی رائے سامنے آنے کے بعد بجلی بلوں کی ادائیگی روک دیں گے کیونکہ ملک کے غریبوں سے لےکر اشرافیہ کی عیاشی کےلئے وسائل فراہم کرنے کا سلسلہ اب رکنا چاہئے،جماعت اسلامی مزاحمتی تحریک برپاکررہی ہے لیکن مکمل طور پرپرامن ہوگی اور بندوق اٹھانے سے احتراز کیاجائے گا کیونکہ اپنے جوانوں کو بے رحم ،خونخوا ر بھیڑیوں کے حوالے نہیں کرنا چاہتے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا طاقتور عوامی تحریک اشرافیہ کے ناپاک اتحاد کو پارہ پارہ کردے گی ،نیٹو طرز پر مسلمان ممالک کا کوئی فوجی اتحاد ہوتا توکوئی غز ہ میں مسلمانوں کو خون میں نہلانے کی جرات نہ کرتا،7اکتوبر کو غزہ کے مسلمانوں کےساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔