ساہیوال (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کردی، عوام کی شکایات کے فوری حل کیلئے میکنزم پر عملدرآمد کیا جائے، شہر کی تمام کمرشل مارکیٹوں اور بازاروں میں نالیوں کی صفائی شروع کی جائے۔ ایم سی حکام کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خالد محمود گیلانی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈی جی پی ایچ اے محمد اکرام ملک، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سی او کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ دیپال پور بازار، صدر بازار، پاک پتن بازار اور ملحقہ گلیوں میں نالیوں کی صفائی آج سے شروع ہورہی ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ نالیوں کی صفائی میں رکاوٹ بننے والی پختہ تجاوزات کو فوری گرایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکپتن روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کے کام کو تیز کیا جائے۔ پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان نے بتایا کہ 72انچ قطر کے4483میں سے4410پائپ ڈالے جا چکے ہیں اور بائی پاس سے سکھ بیاس تک 98فی صد کام مکمل ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 10اکتوبر تک مزید73پائپ ڈال کر کام مکمل کر لیا جائیگا اور30نومبر تک تمام سڑک کی بحالی کا کام بھی مکمل کر لیا جائیگا۔
عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے میکنزم پر عملدرآمد کیا جائے: کمشنر ساہیوال



















