لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے ایچ ای سی کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے ڈگری حاصل کرنے والے طلباءو طالبات کیلئے خصوصی طور پر شروع کئے گئے انٹرن شپ پروگرام 2024کی اختتامی تقریب واپڈاگرلز ہائی اسکول شالامار کے ایڈیٹوریم میں منعقد کی گئی جہاں چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر کسٹمر سروسز ڈائریکٹر سرور مغل، ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کلاچی،چیف انجینئر آپریشن عباس علی،چیف انجینئر ڈیزائن اعجاز بھٹی، چیف انجینئر پی ایم یو شعیب عاصم ،چیف انجینئر او اینڈ ایم (ٹی اینڈ جی) ظفر اقبال،ڈی جی ایڈمن معصومہ عادل،ڈپٹی منیجر ایڈمن سلمان حیدر کے ساتھ ساتھ انٹرن شپ پروگرام میں شامل طلبہ کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔لیسکو کے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت اور ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کلاچی کی نگرانی میں شروع کئے گئے اس دو ماہ کے خصوصی پیڈ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نئی نسل میں لیسکو کے مختلف ڈیپارٹمنٹس کی ورکنگ سے متعلق بہتر طور پر آگاہی دینا تھی۔ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کلاچی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو کی جانب سے یہ پروگرام 2021میں شروع کیا گیا تھا جس کے بہترین ریسپانس کے بعد اس پروگرام کی یہ چوتھی کڑی تھی جو انتہائی کامیاب انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انٹرن شپ پروگرام ایک اچھا تجربہ ثابت ہوا اور یہ خاص طور پر ان طلبہ کیلئے سیکھنے کا ایک بہترین موقع تھا جو لیسکو جیسی ایک بڑی بجلی تقسیم کار کمپنی میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ان انٹرنیز کو آپریشن اور ٹیکنیکل ڈائریکٹوریٹ، ایڈمن اینڈ ایچ آر ڈائریکٹوریٹ، آئی ٹی اور فنانس ائریکٹوریٹ میں انٹرن شپ کروائی گئی۔لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام انٹرنیز کو اپنا پیریڈ کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ لیسکو کے صارفین کی تعداد 61لاکھ سے زائد ہے اور سٹاف کی کمی کے باوجود بھی لیسکو کے افسران و ملازمین اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔ لیسکو چیف ایگزیکٹوانجینئر شاہد حیدرنے انٹرن شپ پروگرام کے بروقت اور کامیاب انعقاد پرایچ آر ڈیپارٹمنٹ کو بھی سراہا۔ اس پروگرام میں شریک طلباءو طالبات نے انٹرن شپ کا موقع فراہم کرنے پر لیسکو انجینئر شاہد حیدر اور ڈائریکٹر ایچ آر ضمیر حسین کلاچی کا شکریہ ادا کیا اور لیسکو میں انٹرن شپ کے دوران اپنے تجربات بیان کئے۔ تقریب کے اختتام پرلیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر نے شرکاءمیں انٹرن شپ پروگرام 2024 کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ اور وظیفے کے چیک بھی تقسیم کئے۔
کم سٹاف کے باوجود افسران و ملازمین اپنے فرائض تندہی سے انجام دے رہے ہیں :انجینئر شاہد حیدر



















