مخصوص نشستیں کیس،عدالتی فیصلہ مانیں یا پارلیمنٹ کا قانون ،الیکشن کمیشن

اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے وضاحت کےلئے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ۔

سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر جب وضاحت مانگی تب نیا ایکٹ موجود نہیں تھا، سپیکر قومی اسمبلی نے خط لکھا عدالتی فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں ترمیم ہوئی،الیکشن ترمیمی ایکٹ آنے کے بعد عدالتی فیصلے پر رہنمائی کی جائے، پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کی صورت میں اب قانون بنا دیا، بتایا جائے پارلیمنٹ کے قانون پر عملدرآمد کریں یا سپریم کورٹ کے فیصلے پر۔

درخواست میں کہا گیا ترمیمی ایکٹ کا ماضی سے اطلاق کیا گیا، الیکشن کمیشن سے ڈی نوٹیفائی ہونےوالے اراکین نے بھی ترمیمی قانون پر عملدرآمد کیلئے رجوع کیا، عدالتی فیصلے پر 39اراکین کی حد تک عملدرآمد کیاجاچکا،الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کے معاملے پر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، سپریم کورٹ کے 12 جولائی، 14 ستمبر اور23 ستمبر کے حکم ناموں پررہنمائی کی جائے، الیکشن کمیشن کے روئیے سے صاف ظاہرہے عدالتی احکامات پرعملدرآمد کرنا چاہتا ہے اگر 14 ستمبر کے حکم نامے پرعملدرآمد کیا توپارلیمان کے بنائے ہوئے قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔

ای سی پی نے کہا الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کااحترام کرتاہے اورہدایات سے انکارنہیں کرسکتا تاہم پی ٹی آئی کے درست پارٹی سٹرکچرکی عدم موجودگی میں امیدواروں کی وابستگی کیسے معلوم ہوگی، عدالتی فیصلے واضح ہیں پارلیمنٹ کی دانش کا جائزہ نہیں لیا جا سکتا، عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترمیمی ایکٹ پر عملدرآمد نہ کرنا بھی سوالیہ نشان ہوگا،بعدازاںالیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر اعلامیہ جاری کر دیا۔

اعلامیے میں کہا گیا سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے تفصیلی آرڈر پر غور کے بعد وضاحتی آرڈر میں چند پوائنٹس پر ریویو داخل کر دیا،پارلیمنٹ کے منظور شدہ قانون کی روشنی میں کمیشن کو عمل کرنا ہوگا۔

دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے چیف الیکشن کمشنر نے ریاستی ادارے کو سیاسی جماعت میں بدل دیا، الیکشن کمیشن بہانے ڈھونڈنے کےلئے اجلاس پر اجلاس بلا رہا ہے، الیکشن کمیشن آئیں بائیں شائیں کی بجائے نوٹیفکیشن جاری کر کے اعلیٰ عدلیہ کی تعمیل کرے، تاخیری حربے استعمال کرنے اورآئین سے متصادم فیصلے کرنے پرچیف الیکشن کمشنر آرٹیکل 6 کا مرتکب ہوا۔

بیرسٹر سیف نے کہاریاستی اداروں کے سیاسی فیصلے ملک کےلئے بھیانک ہوتے ہیں، فارم 47 کی حکومت نے ہر ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ، مینڈیٹ چور حکومت چند سانسیں لینے کیلئے ریاستی اداروں کی ساکھ داو پر لگا رہی ہے۔