دوبارہ گنتی ہو تو فارم 45 اور 47 کو حتمی تعین نہیں کہا جاسکتا،سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)انتخابی نتیجے کا بنیادی ثبوت فارم 45 نہیں بلکہ ووٹ ہوتے ہیں،دوبارہ گنتی ہو تو فارم 45 اور 47 کو حتمی تعین نہیں کہا جاسکتا،سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 14 پر انتخابی دھاندلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

تفصیلی فیصلے میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا بیلٹ پیپرز ہی فیصلہ کن عنصر ہوتے ہیں،ووٹ ری کاو¿نٹ کی درخواست منظور ہو تو دوبارہ گنتی تمام امیدواروں کی موجودگی میں ہوتی ہے پھر ڈالے گئے ووٹ ہی انتخابی تنازع کا فیصلہ کرتے ہیں،پی بی 14 نصیر آباد دھاندلی کیس سننے والے ٹربیونل نے بالکل درست نتیجہ اخذ کیا، انتخابی نتائج منصفانہ تھے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاعدالت کے سامنے انتخابی تھیلوں کی سیل ٹوٹی ہوئی ہونے کا کیس نہیں ،ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد پریذائیڈنگ افسر ہر پولنگ سٹیشن کے ووٹ گن کرفارم 45 تیار کرتا ہے، ریٹرننگ افسر پریذائیڈنگ افسر کے بھیجے گئے تمام فارم 45 کے ووٹ شمارکرکے فارم 47 جاری کرتا ہے، فارم 47 کے مطابق ریٹرننگ افسر نتیجہ الیکشن کمیشن کو بھیجتا ہے۔

تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کاسٹ کیے گئے بیلٹ پیپرز ہی اصل نتائج کا تعین کرتے ہیں جب تک دوبارہ گنتی کا آرڈر نہیں آتا فارم 45 اور 47 کو درست تصور کیا جاتا ہے،دوبارہ گنتی میں ووٹ کم ہونے کے باوجود پہلے جیتنے والا امیدوار ہی کامیاب رہا، اپیل کنندہ کے وکیل جیت پرقائل نہ کرسکے، لہٰذا اپیل مسترد کرکے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا جاتا ہے، پریزائیڈنگ افسروں کےساتھ مدعا علیہ کے تعلقات کا اپیل کنندہ کا الزام ثابت نہیں ہو سکا