ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہریوں کی طرف سے خالی پلاٹس میں کوڑا پھینکنے پر ناراضگی کا اظہار، مالکان کو نوٹس جاری کرنے اور ان سے چار دیواری کرانے کی ہدایت، خالی پلاٹ شہر میں گندگی کا سب سے بڑا سبب ہیں، شہر کو صاف ستھرا رکھنا یہاں رہنے والے عوام کی بھی ذمہ داری ہے، شہری خالی پلاٹس میں کوڑا پھینکنے کی بجائے رکھے گئے کنٹرینرز میں کوڑا پھینکیں۔ کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو/کوارڈینیشن خالد محمود گیلانی، ڈی جی پی ایچ اے ملک اکرام، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان نے بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت شہر میں سیوریج پائپ ڈالنے کا80فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 17330 سیوریج پائپس میں سے13875ڈالے جا چکے ہیں۔آڑاتلہ روڈ کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ کالج چوک اور مال منڈی چوک سے سیوریج لائن گزارنے کا پلان اسی ہفتے فائنل ہوجائیگا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ گرلز کالج روڈ اور اولڈ جی ٹی روڈ سے تجاوزات ختم کرائی جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھٹہ چوک میں ایک کھلا مین ہول انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہے اسے فوری درست کیا جائے۔ انہوں نے پسپ حکام کو ہدایت کی کہ اولڈ جی ٹی روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کا پلان بھی جلد فائنل کیا جائے تاکہ سڑک کی بحالی کا کام شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو 9ایل نہر کے کنارے بنائے گئے مانومنٹس کی مرمت اور مردہ پودوں کی جگہ نئے پودے لگانے کی بھی ہدایت کی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقوم کی تقسیم اور انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گورنمنٹ امامیہ کالج ساہیوال کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رقوم تقسیم عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور سنٹرز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا بینک انتظامیہ کی اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنٹرز پر رکھی جانے والی مشینیں،ڈیوائسز مکمل طور پر فعال ہونی چاہئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین کو رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی تعداد کے مطابق مشینری اور کاونٹرز قائم کئے جائیں اور سنٹر پر آنے والے خواتین کے بیٹھنے کیلئے جگہ، پینے کے ٹھنڈے پانی سمیت دیگر انتظامات کو بھی ہر صورت مکمل رکھا جائے۔
شہر کو صاف ستھرا رکھنا عوام کی بھی ذمہ داری ہے: کمشنر ساہیوال ، بی آئی ایس پی پروگرام کیلئے جائزہ کیلئے سینٹر کا دورہ



















