لاہور (اپنے نمائندے سے) تحریک لبیک یارسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام محمود بوٹی میں” میلاد خاتم المعصومین کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی صدارت حضرت پیر سید عبد الشکور شاہ رضوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض استاذ القراءصفدر عباس جلالی نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد اللہ تعالیٰ کی توحید کی سب سے بڑی دلیل ہیں۔ آپ نے اللہ تعالیٰ کی توحید پر دلیل مانگنے والوں کے سامنے اپنی زندگی کے اعلان نبوت سے پہلے کے 40 سال پیش کر دئیے۔ آپ کی زبان کی صداقت پر اعتماد کرتے ہوئے کفارِ مکہ نے اللہ تعالیٰ کو دیکھے بغیر اسے ایک ماننا شروع کر دیا۔ حضرت محمد انسانیت کیلئے آفاقی پیغام لیکر دنیا میں رونق افروز ہوئے۔ 12 ربیع الاول شریف کائنات میں سب سے بڑے انقلاب کے آغاز کا دن ہے۔ سیرت مصطفی وہ چشمہ فیض ہے جس نے ہر کسی کی پیاس بجھا دی۔ روئے زمین کو عدل و انصاف، شرم و حیائ، اور صدق و صفا سے فیض یاب کرنے والی ہستی کا ”یومِ میلاد“‘ عید ہی نہیں، عیدوں کی عید کا درجہ رکھتا ہے۔ آمد مصطفی نے دنیا میں روحانی اور اخلاقی اقدار کو اجاگر کیا۔ تعلیماتِ رسول سے جہالت کا دور دورہ ختم ہوا۔ رسول پاک ظلم کے خاتمے کا جو نظام لائے، اس میں آج بھی ظلم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نظام کو روئے زمین پر نافذ کیا جائے۔ کانفرنس میں علامہ سید اسرار حسین شاہ بخاری، علامہ مظہر اقبال نورانی، صاحبزادہ کعب الاسلام جلالی، علامہ سرفراز حامدی، علامہ غلام مرتضیٰ جلالی، ساجد شفیق جلالی، عظیم بٹ جلالی و دیگر نے شرکت کی۔
تعلیمات رسول نے دور جہالت ختم، روحانی اور اخلاقی اقدار کو اجاگر کیا :اشرف آصف جلالی



















