اسلام پورہ، مشکوک افراد کی فائرنگ سے گشت پر مامور کانسٹیبل شہید

لاہور (کرائم رپورٹر) اسلام پورہ کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر مشکوک افراد کی فائرنگ سے گشت پر مامور کانسٹیبل شہید ہو گیا ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی۔بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ساندہ روڈ کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیاجس پر موٹرسائیکل سواروں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی ،پولیس اہلکار ارشد کے سینے پر دل کے قریب فائر لگا جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔مشکوک موٹرسائیکل سوار فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں سمیت وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔آئی جی پنجاب نے شہید کانسٹیبل ارشد کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل ارشد نے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران جام شہادت نوش کیا، شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔