عمران نے آرمی چیف پر الزام لگائے، نتائج بھگتنا ہوں گے، بلاول بھٹو


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے عمران خان نے آرمی چیف پر الزام لگائے، چیف جسٹس کیخلاف بیان دیا، نتائج بھگتنا ہوں گے،پنجاب کے عوام نے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو کامیاب کرایا، گالم گلوچ ،نفرت کی سیاست کو شکست ہوئی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہامیرے سپاہی ہر فتنے کا مقابلہ کرسکتے ہیں،جمہوریت ،پارلیمنٹ کو فعال کرنا چاہتے ہیں، کیا ہارنے والے اپنی ہار ماننے کےلئے تیار ہیں،فارم 45 ،47 کے پروپیگنڈے پر بڑی کہانی سامنے آنے والی ہے، حقائق سامنے آنے پر عوام کو منہ نہیں دکھاسکیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا جنوبی پنجاب نے ووٹ کی طاقت سے ڈٹ کر جھوٹ کا مقابلہ کیا،جمہوریت کو آگے لےکر بڑھنا ہے تو عوام کے فیصلے پر اعتماد کرنا پڑےگا، قیدی نمبر 804 (عمران خان) نے آرمی چیف کےخلاف سیاسی الزامات لگائے، اپنی سیاست چمکانے کےلئے ہر آئینی ادارے پر حملہ کیا،عوام قیدی نمبر 804 کےساتھ نہیں ،عمران خان کے مبینہ بیان میں چیف جسٹس کےخلاف توہین آمیز رویہ اختیار کیا گیا،نتائج بھگتنا ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے کہاچیئرمین پی پی کی تقریر سے لگا جیسے ڈی جی آئی ایس پی آر کے دفتر میں پریکٹس کی گئی،بانی پی ٹی آئی دوبارہ ایوان میں آئیں گے،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاعمران خان نے سڑکوں پر آنے کا کہا تو لوگ بنگلہ دیش کو بھول جائیں گے، پاکستان کو روانڈا نہیں بنانا چاہتے، عوام کی نمائندگی کرنی ہے تو بھول جائیں کون اچھا ہے،آگے بڑھنا ہے تو ایک قدم پیچھے بھی ہٹنا پڑا تو ہٹیں گے۔