کوکلیئر امپلانٹ سرجری قوت سماعت سے محروم بچوں کیلئے امید کی کرن ہے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کوکلیئر امپلانٹ سرجری قوت سماعت سے محروم بچوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے، کوکلیئر امپلانٹ سرجری اور تھراپی سے مستفید ہونیوالے بچے اپنی سماعت و گویائی بحال ہونے کے بعد نارمل زندگی گذارنے کے قابل ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں نجی ہسپتال کے اشتراک سے پولیس ملازمین کے قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کیلئے مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے کوکلیئر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچوں سے گفتگو کی، تقریب میں پولیس ملازمین کے کوکلیئر امپلانٹ سرجری سے مستفید ہونے والے بچوں اور انکے والدین نے شرکت کی۔دریں اثناءآئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کے پیش کردہ مسائل سنے اور درخواستوں پر فوری ازالے کے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹر جاوید اقبال کی سنٹرل پولیس آفس سے ریلیو کرنے کی درخواست پر اے آئی جی ایڈمن کو ریلیف کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کو درپیش ذاتی و پیشہ ورانہ مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنائیں، پولیس ملازمین کی درخواستوں پر فوری ریلیف فراہم کرکے رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کی تکمیل میں شرپسند، دہشت گرد و جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 338 سرچ و کومبنگ آپریشنز کئے گئے، 8598 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ آئی جی پنجاب تمام سپروائزری افسران کو سرچ، سویپ اور انٹیلی جنس بیسڈ کومبنگ آپریشنز میں تیزی کا حکم بھی دیا۔ دوسری طرف پنجاب پولیس میں آفس سپرنٹنڈنٹ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران میں آرڈرز تقسیم کئے۔آئی جی پنجاب نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو نئے عہدے کی ذمہ داریاں سخت محنت و تندہی سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ڈا کٹر عثمان انو رنے کہاکہ دفاتر کے انتظامی امور چلانے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کا کلیدی کردار ہے، تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹر نئے منصب کے فرائض خلوص نیت اور بھرپور فرض شناسی سے سر انجام دیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پیشہ ورانہ امور پر خصوصی توجہ سے دفاتر کی ورکنگ کو مزید اپ گریڈ کیا جائے۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم احمد خان نے بھی خطاب کیا۔ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کیپٹن (ریٹائرڈ) لیاقت ملک اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو سلیمان سلطان رانا نے بھی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زکو مبارک باد دی۔ترقی پانے والے افسران کے اہلخانہ اور بچوں نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 21 آفس سپرنٹنڈنٹ کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دی ہے، ترقی پانے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پولیس کی مختلف فیلڈ فارمیشنز اور اضلاع میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔