ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی سرپرستی،شہر میں غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھرمار

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) شہر میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی بھر مار، بااثر سٹینڈ مافیا کے سامنے ضلعی انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی جبکہ مختلف مقامات پر لوڈر گاڑیوں اور رکشوں سے لوڈنگ ان لوڈنگ کی مد میں بھتہ لینے کا بھی انکشاف ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے غیر قانونی سٹینڈ ختم کروا کر پرچی مافیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ،پولیس اور کارپوریشن عملے کی مبینہ سرپرستی کے باعث شہر میں موجود پارکنگ مافیا بے قابوہو چکا جبکہ غیر قانونی سٹینڈز پر اوور چارجنگ کر کے شہریوں سے لوٹ مار کا سلسلہ جا ری ہے۔ جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز نے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم کر رکھا ہے۔گھنٹوں ٹریفک جام رہنا معمول، ایمبولینس کو راستہ نہ ملنے کی وجہ سے بہت سے شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ، ما ل روڈ ، ہال روڈ، فیروز پور روڈ، مون مارکیٹ، کریم بلاک مارکیٹ ، رنگ محل ، جیل روڈ، نیلا گنبد، ایوان عدل ، شاہ عالم مارکیٹ،سرکلر روڈ لوہاری،شاہی قلعہ گھاٹی کے اطراف ، ٹبی ،گلبرگ، بادامی باغ ، ٹاو¿ن شپ ، اچھرہ ،جوہر ٹاو¿ن ، میو اور گنگا رام ہسپتال کی ایمر جنسی کے باہرو دیگر مقامات پر غیر قانو نی پارکنگ سٹینڈز قائم ہیں۔ پید ل چلنے والوں کیلئے بنا ئے جانے والے فٹ پاتھ کو بھی غیر قانونی طور پر پارکنگ سٹینڈ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور پیدل چلنے والی عوام کو فٹ پاتھ پر چلنے کی بجا ئے مجبوراً مین سڑکو ں پر چلنا پڑتا جو کہ اکثر حادثات کا سبب بنتا ہے۔مزید برآں فرید کورٹ ہاوس کے باہر قائم غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ پر لاہور بار کی منظور شدہ پارکنگ کی پرچی دی جا رہی ہے ، جو اس جگہ سے قدرے فاصلے پر ہے۔ اسی طرح ہال روڈ پر لاہور پارکنگ کمپنی کی جعلی پرچی بنا کر شہریوں سے اوور چارجنگ کی جا رہی ہے جبکہ دیگر مقامات پر بھی یکساں صورتحال ہے۔ شہری حلقوں کامطالبہ ہے کہ اس مافیا کے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھائے جائیں پارکنگ پلازے تعمیرکئے جائیں، تجاوزات کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ لاہوراپنی اصل شکل میں نظرآسکے اورشہری روز روزکی اذیت اور اوور چارجنگ سے نجات حاصل کرسکیں ۔متعدد تھانوں کی حدود میں پولیس کی مبینہ سرپرستی میں قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بااثر افراد نے پلازوں ، مارکیٹوں اور پارکوں کے سامنے خصو صاً تھانہ ٹبی کے علاقے میں شاہی قلعہ کے اطراف اور فوڈ سٹریٹ کے باہر پولیس کی مبینہ سرپرستی میں غنڈہ عناصر کو بٹھا دیا ہے جو شہریوں کو زبردستی 50 سے 100 روپے تک کی پرچی تھما دیتے ہیں جبکہ متعدد بار پارکنگ سٹینڈز کے عملہ نے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے لیکن پولیس ، کارپوریشن اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ، دوسری طرف یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاہور کے مختلف مقامات پر بااثر افراد زبردستی لوڈر گاڑیوں اور رکشوں سے پرچی کی صورت میں بھتہ وصول کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکنگ سٹینڈ پولیس کی پشت پناہی سے لگتے ہیں ، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب ،کمشنر لاہور اور آئی جی پنجاب سے پارکنگ مافیا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔