محکمہ ایکسائز میں پروفیشنل ٹیکس وصولی کیلئے کمپیوٹرائزڈ سسٹم اور مینوئل کی میوزیکل چیئر

لاہور ( علی جنید ) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مسلسل ناکام پالیسیوں کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہو چکا ہے۔ پنجاب بھر میں 2 مرتبہ پروفیشنل ٹیکس کمپیوٹرائزڈ کرنے کے باوجود مینوئل سسٹم کر دیا گیا تھا اور اب تیسری بار پھر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں پروفیشنل ٹیکس کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل فیصل فرید نا تجربہ کاری کے باعث اے ڈی جی پر ہی انحصار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ایکسائز پروفیشنل ٹیکس میں متعدد گھپلے موجود ہیں جس میں کروڑوں روپے خوردبرد کرنے کی دستاویزات ثبوت”مشرق“ کے پاس موجود ہیں جس کے ذریعے محکمے میں چھپی کالی بھیڑیں منظر عام پر آ سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈائریکٹر جنرل انور رشید نے اپنے دور میں پروفیشنل ٹیکس کمپیوٹرائزڈ کروایا تھا، تاہم اس وقت بھی آج کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل رضوان اکرم شیروانی نے اپنے مذموم عزائم کے بل بوطے پر کمپیوٹرائزڈ سے مینوئل کروا دیا تھا اور پھر ایک بار سابق ڈائریکٹر جنرل صالح سعید نے پروفیشنل ٹیکس کمپیوٹرائزڈ کر دیا اور چند روز بعد ہی وہ تبدیل ہو گئی اور انکی جگہ رضوان اکرم شیروانی کو ڈائریکٹر جنرل کا چند روز کیلئے اضافی چارج دیا گیا جس پر موصوف نے پھر پروفیشنل ٹیکس کمپیوٹرائزڈ سے مینوئل کر دیا تھا ، رضوان اکرم شیروانی کے اس مذموم کھیل کاسیکرٹری ایکسائز سمیت چیف سیکرٹری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے جبکہ ایک بار پھر یعنی کی تیسری بار پھر رضوان اکرم شیروانی کی سربراہی میں ہیلتھ انفارمیشن سسٹم ڈلیوری یونٹ کی مدد سے کمپیوٹرائزڈ کرنے کی جانب گامزن ہیں۔