اسلام آباد جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی گلے پڑنے کا خدشہ تھا‘عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے اسلام آباد جلسہ کرتے تو دوبارہ 9 مئی گلے پڑنے کا خدشہ تھا‘انتشار پھیلنے کاپیغام ملنے پر فیصلہ کیا،8ستمبر کا جلسہ کسی صورت ملتوی نہیں ہوگاپارٹی کو ہدایت کردی 8 ستمبر سے قبل میٹنگ کرکے فیصلہ کریں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر احتجاج کب کریں گے‘حمود الرحمن رپورٹ پر عمل ہوتا تو ملک میں جمہوریت ہوتی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ابھی تک پہلے والے 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری نہیں کرائی گئی،8ستمبر کو کسی نے رکاوٹ ڈالی توذمہ دار خود ہوگا، پارٹی کو کہہ رہا ہوں 8 ستمبر کو کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہ کریں،کو ئی روکے بھی تو نہیں رکنا،ملک کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہونے پراوپن ٹرائل کی بات کر رہا ہوں، آپ اتنا بڑا الزام لگا رہے ہیں میں نے فیض سے ملکر 9 مئی کی سازش رچائی۔

سابق وزیراعظم نے کہا زیرو سے پارٹی شروع کی ،28 سال سے آئین کے اندر رہ کر جدوجہد کر رہا ہوں اگر 9 مئی میں فیض ملوث تھا تو اوپن ٹرائل کریں،ملٹری مسئلہ ہے نہ ہی سیکرٹ ایشو،اوپن ٹرائل سے ملک کاہی فائدہ ہوگا،حمود الرحمن رپورٹ پر عملدرآمد ہوتا تو ملک میں 3 مارشل لا لگتے نہ ہی غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہوتا، 9 مئی جمہوریت پر حملہ ہے، کمیشن کا مطالبہ اس لیے کر رہا ہوں آئندہ کوئی ایسی غلطی نہ دہرائے۔

صحافی نے استفسار کیا رات کے پچھلے پہر آپ نے اعظم سواتی کو پیغام کس کے ذریعے بھجوایا؟ پیغام رساں کون تھا؟ فون کی سہولت کیسے ملی؟ ،عمران خان نے مسکراتے ہوئے کہا سوال کاجواب رہنے دیں،بانی پی ٹی آئی نے کہا ساری پارٹی کو جلسہ ملتوی ہونے کا رنج و غصہ ہے، میں بھی سمجھتا ہوں جلسہ ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھاصرف انتشار سے بچنے کےلئے فیصلہ کیا مگراب جو مرضی ہو جائے ہر ضلع میں جلسہ کریں گے،کسی فارم 47 کی حکومت سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، جب بھی ن لیگ کو خدشہ ہوتا ہے پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات ہوئی ہے تو فوری طور پر 9 میں یاد آجاتا ہے،نواز شریف کا بیک پیک لندن کےلئے تیار ہے صرف ضروری سامان اٹھانا ہے۔

عمران خان نے کہا سب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ایکسٹینشن کےلئے ہو رہا ہے،2گیمز جاری ہیں اگر قاضی فائز عیسیٰ کو ایکسٹینشن نہ دے سکے تو پھر سینیارٹی پر اثر انداز ہو کر اندر سے اپنا بندہ لائیں گے، دونوں صورتیںقبول نہیں ایسا کیاگیا تو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کریں گے۔

ادھر بھائی سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی کا لیڈر شپ کو پیغام ہے 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا،کپتان نے اسلام آباد جلسہ انتشار خدشے کے باعث موخر کیا،ورکرز کو ہدایات ہیں اگر اب جلسہ منسوخ کرنے کی اطلاع آئے تو آپ نے نہیں ماننا، عوام چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کیلئے ضرور گھروں سے نکلیں،علیمہ خان نے کہا کسی کو سمجھ نہیں آ رہی 7 بجے ملاقات کیسے ہوئی ، جیل میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کچھ ممکن نہیں، صبح 7 بجے جیل میں ملاقات ہونا عجیب بات، سب حیران تھے اچانک کیسے جلسہ ملتوی ہو گیا۔

دوسری جانب علی خان نے کہابانی پی ٹی آئی کا ایک سال جیل میں ضائع کیا گیا ،عمران خان صرف سیاست دان نہیں لیڈر بھی ہے، حکومت ،ر ریاست کو ایک موقع اور دیا ،8 ستمبر کا جلسہ کسی صورت موخر نہیں ہوگا،کپتان نے کہامیرا جیل سے باہر آنا صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے،انتشاری کوئی اور لوگ ہیں،9مئی کا احتجاج پلاننگ سے تشدد میں بدلا گیا، اچھے دن آئیں گے۔