اسلام آباد:(بیورورپورٹ) 12 جولائی کا اکثریتی مختصر فیصلہ عدالتی دائرہ اختیار سے تجاوز،آئین و قانون کے آرٹیکلز و شقوں کو نظر انداز کیاگیا، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کے فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر کر دی،نظر ثانی میں سنی اتحاد کونسل، صاحبزادہ حامد رضا، ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی، ن لیگ و دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں الیکشن کمیشن نے موقف اپنایا تحریک انصاف کو عدالتی فیصلے میں ریلیف دیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کیس میں پارٹی نہیں تھی ،آزاد اراکین نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا، عدالتی فیصلے میں کچھ ایسے حقائق کو مان لیا گیا جو کبھی عدالتی ریکارڈ پر نہ تھے۔
ای سی پی نے کہاپی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں کے امیدواروں نے بھی کبھی دعویٰ نہیں کیا، 80 اراکین نے سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، 80 آزاد اراکین نے اپنی شمولیت کے حلف ڈکلیئریشن جمع کرائے،سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا اور مخصوص نشستوں کی فہرست بھی جمع نہیں کرائی لہٰذا 41 اراکین کو دوبارہ پارٹی وابستگی کا موقع فراہم کرنے کا کوئی جواز نہیں ،الیکشن کمیشن کو معاملے پر موقف دینے کا موقع نہیں دیا گیا، الیکشن کمیشن کو فیصلے کے نقطے پر سنے بغیر فیصلہ دیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق سپریم کورٹ کے 12 جولائی کے فیصلے کے احکامات امتیازی اورایک پارٹی کے حق میں ہےں، سپریم کورٹ نے فیصلے میں آئین و قانون کے آرٹیکلز و شقوں کو نظر انداز کیا ،12 جولائی کے اکثریتی مختصر فیصلے میں عدالتی دائرہ اختیار سے تجاوز کیا گیا،رہنما تحریک انصاف کنول شوذب سنی اتحاد کونسل سے مخصوص نشست کےلئے سپریم کورٹ آئیں، سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی 2 کیٹیگری میں تقسیم بھی غلط کی گئی۔
مخصوص نشستوں پر فیصلہ عدالتی دائرہ اختیار سے تجاوزہے،الیکشن کمیشن،نظر ثانی اپیل دائر



















