اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا خاتمہ اہم، گورنر ہاﺅس میں ڈیسک قائم کرینگے :سردار سلیم حیدر

لاہور (سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل اپنے ملک کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کیلئے گورنر ہاﺅس میں ڈیسک قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہاﺅس لاہور میں یورپ کے مختلف ممالک اٹلی، فرانس اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احتشام انور اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کیپٹن (ر)ثاقب ظفر بھی موجود تھے۔ اوورسیز پاکستانی کاروباری افراد نے گورنر پنجاب کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں اور مسائل سے آ گاہ کیا۔ملاقات میں اوورسیز پاکستانی کاروباری حضرات کے تعاون سے پاکستانی جامعات کی یورپین یونیورسٹیوں کے ساتھ اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہاکہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملک کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں بزنس کمیونٹی کا ملک میں تعلیم ، زراعت، آئی ٹی اور ٹورازم سیکٹرز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے عزم کو سراہا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کو سہولیات دینے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاپ کے مختلف اداروں میں اوورسیز پاکستانیوں کی مسائل کے حل کیلئے ڈیسک قائم کرنے کی تجویز وزیراعظم تک پہنچائیں گے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احتشام انور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے تعاون سے ملک میں سکولوں سے باہر بچوں کی تعداد کم کرنے کیلئے سکولز قائم کرنے کی ایک سکیم لیکر آ رہے ہیں۔پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم کا وفد سپیشل اکنامک فیسلیسی ٹیشن کونسل کی دعوت پر پاکستان آیا ہے اور ان کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آ غاز ہے، اکتوبر نومبرمیں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے باقائدہ ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز بزنس کمیونٹی پاکستان کی معیشت میں ترقی اور ملک کی بہتری میں ساتھ دینے کیلئے پرعزم ہے۔