نارووال(بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایمانداری سے محنت کر کے پاکستان کو معاشی طور پردنیا کے دس بڑے ممالک میں لائیں گے،آج تعلیم کی وجہ سے ہم ایٹمی طاقت ہیں۔ ظفروال میں نجی کالج کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ نارووال کا پاکستان کے تعلیم کے میدان میں ٹاپ دس ضلعوں میں نام ہے ،نارووال کی پانچ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبا اور طالبات پاکستان سے باہر بھی خدمات سر انجام دے کر روزگار حاصل کر رہے ہیں،پاکستان کو ابتدائی وقتوں میں کاغذوں کو جوڑنے کیلئے کامن پن کی جگہ کانٹوں سے کام لیا جاتا تھا اور آج تعلیم کی وجہ سے ہم ایٹمی طاقت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے آنے والے وقت میں تعلیم کے بل بوتے پر ہم ایمانداری اور خلوص دل سے محنت کر کے پاکستان کو دنیا کے 10 بڑے ممالک کی معیشت کی لسٹ میں لائیں گے جیسے ہم نے پندرہ سالوں میں تعلیم کے ذریعے ڈسٹرکٹ نارووال کو ترقی دی اسی طرح پاکستان کو بھی ترقی دیں گے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔احسن اقبال نے کہا کہ امن ،تعلیم و ترقی کے دشمن نے 6 مئی 2018ءکو گولی سے مجھے نشانہ بنایا تھا جو اب بھی میرے جسم میں موجود ہے۔ میں نے اڈیالہ جیل میں 18 ماہ قید اسلئے کاٹی کہ میں نے نارووال میں تعلیم کیلئے یونیورسٹیاں اور سپورٹس سٹیڈیم کیوں بنائے تھے ایک کروڑ کی آ بادی والے یہودیوں نے تعلیم کے بل بوتے پر دو ارب مسلمانوں کو مشکل میں ڈال دیا۔انہوں نے پہلے 500بچوں کو دو سال کے لئے اسکالرشپ دینے کا بھی اعلان کیا۔
محنت کر کے پاکستان کو معاشی طور پر دنیا کے 10 بڑے ممالک میں لائیں گے :احسن اقبال



















