130ارب ڈالر قرض ہے تو کیا ہوا،پریشان نہ ہوں، اسحاق ڈار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) نائب وزیراعظم وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے اصلاحات وقت کا تقاضا ، ملکی معیشت میں بہت صلاحیت،پاکستان پر 130 ارب ڈالر کا غیر ملکی قرضہ ہے تو پریشان نہ ہوں،10 ہزار ڈالر سے زائد کی معدنیات موجود ہیں، مایوسی پھیلانے اور لوگوں کو ڈرانے کی ضرورت نہیں، پاکستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہاملک سے منفی رویے کو ختم کرنا ہوگا، ملک میں معاشی ترقی کے مواقع موجود ہیں، رکاوٹیں دور کرنے کی ضرورت ہے، میکرواکنامک معیشت میں پاکستان مستحکم ملک ہے، لوگ ڈراتے ہیں بڑے قرضے ہیں یہ ہوجائے گا کچھ نہیں ہوگا، حکومت باہمی تجارت کی پالیسی پر گامزن ہے، برآمدات کو بڑھانا ایجنڈا ہے، پی ڈی ایم حکومت نے ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا،محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے، معاشی ترقی کےلئے اصلاحات وقت کا تقاضا ہیں، ہم ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا مہنگائی 30 فیصد سے کم ہوکر 10 فیصد تک آگئی ہے، معاشی ترقی کے مواقع موجود ہیں، سٹاک مارکیٹ کے انضمام کےلئے بہت محنت کی، 2016 میں تینوں سٹاک مارکیٹس کا انضمام کیا گیا، مجھے جب بھی موقع ملا معیشت کی بہتری کےلئے کام کیا، دنیا میں معاشی سفارت کاری کی، 15 ماہ میں پاکستان کی معاشی جنگ لڑی، میرا ایک ہی ایجنڈا تھا پاکستان کو کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرنا۔