ساہیوال فوڈ اتھارٹی کا جعلی دودھ بنانے والے یونٹ پرچھاپہ،ہزاروں لٹر مضر صحت دودھ تلف


ساہیوال(:بیورو رپورٹ)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑے پیمانے پر جعلی دودھ کی تیاری ناکام بنادی، فوڈ سیفٹی اور ویجیلنس ٹیم کی چیچہ وطنی میں جعلی دودھ بنانے والے یونٹ پر کارروائی، 5 ہزار 500 لٹر جعلی دودھ تلف کردیا گیا، 600 لٹر کھلا آئل، 375 کلو وئے پاوڈر، 16 لٹر کوکنگ آئل، خالی آئل ڈرمز بھی برآمد، جعلی دودھ فیکٹری مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر صحت دشمن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے گوا شالا تحصیل چیچہ وطنی میں قائم جعلی ملک پوائنٹ پر کارروائی کی۔ فوڈ سیفٹی نے موقع سے دودھ سپلائی کرنے والی گاڑی بھی برآمد کی۔ پاوڈر اور آئل کی ملاوٹ کرکے جعلی دودھ تیار کیا جارہا تھا۔ دودھ نما سفید گاڑھا محلول ساہیوال اور چیچہ وطنی شہر میں سپلائی کیا جانا تھا۔ ضبط کیے گئے ملاوٹی اجزاءسے مزید ہزاروں لٹر جعلی دودھ تیار کیا جانا تھا۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ جعلی دودھ کا گھناونا کاروبار کرنے والے معاشرے کیلئے ناسور ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جعل ساز مافیا کا جڑ سے خاتمہ ناگزیرہے۔