لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں مختلف فیلڈ فارمیشنز سے متعلقہ انتظامی اور پیشہ ورانہ امور زیر غور آئے، دوران اجلاس سپیشل پروٹیکشن یونٹ، انوسٹی گیشن، ٹریفک، ٹریننگ، ویلفیئر، سمیت مختلف شعبوں کے پالیسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سینئر افسران نے زیر بحث انتظامی و پالیسی امور بارے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں، اجلاس میں زیر تکمیل ترقیاتی پراجیکٹس، قانون سازی، فورس کی ویلفیئر پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے ہدایت کی کہ زیر بحث امور بارے پیش کردہ تجاویز کو حتمی شکل دے کر آئندہ اجلاس میں فیصلہ سازی کیلئے پیش کیا جائے، آئی جی پنجاب نے مزیدکہا کہ سپروائزری افسران تمام زیر تکمیل پراجیکٹس کو ذاتی نگرانی میں مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کروائیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا کہ شہریوں سے حاصل فیڈ بیک کی روشنی میں سروس ڈلیوری کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی وسیم سیال، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن محمد ادریس،کمانڈنٹ پی سی عمران ارشد، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی عبدالکریم، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ وقار عباسی سمیت تمام شعبوں کے سربراہان، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کی پیش کردہ درخواستیں سنیں اور فوری ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین کو درپیش ذاتی، پیشہ ورانہ اوردیگر امور کا بروقت ازالہ کرنا متعلقہ سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے لہٰذا تمام افسران ماتحت سٹاف کے ساتھ رابطہ کاری کو بہتر سے بہتر بنائیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے غازی کانسٹیبل انصر شہزاد کی سی ٹو پروموشن درخواست ریلیف کیلئے ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کو بھجوا دی۔ڈاکٹر عثمان انو رنے گوجرانوالہ کے ڈرائیور کانسٹیبل دلشاد احمد کی لسٹ اے ون میں شمولیت کی درخواست پر ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کو ریلیف کی ہدایت دی۔ آئی جی پنجاب نے ٹریفک وارڈن ذیشان اظہر کی سرکاری رہائش فراہمی کی درخواست پر سی سی پی او لاہور کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے بھجوا دی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل محمد اسلم کی بیٹے کی علاج معالجے میں معاونت کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا، کانسٹیبل محمد طاہر کی بیوہ کی جانب سے گذارا الاو¿نس فراہمی کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ازالے کی ہدایت دی جبکہ ٹریفک وارڈن منصور احمد کی محکمانہ پروموشن کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہمی کی ہدایت دی۔ آئی جی پنجاب نے ریکروٹمنٹ، ڈسپلن اور ویلفیئر سمیت دیگر امور بارے درخواستوں پر ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح، تمام درخواستوں کا فوری ازالہ کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی پیش کردہ درخواستوں کو گراس روٹ لیول پر حل یقینی بنایا جائے۔
سپروائزری افسران تمام زیر تکمیل پراجیکٹس مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کروائیں:آئی جی پنجاب



















