فواد چودھری کو ریلیف ،توہین الیکشن کمیشن کیس کا جیل ٹرائل ،فرد جرم کالعدم
اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)فواد چودھری کو ریلیف،اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دےدیا،ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جیل کی مکمل کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے فواد چودھری پر اڈیالہ جیل میں عائد فرد جرم بھی کالعدم قرار دے دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے درخواست پر فیصلہ سنایا،ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد فواد چودھری پر توہین الیکشن کمیشن میں عائد فرد جرم بھی غیر موثر ہو جائے گی۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا سیاسی منظر نامہ تبدیل ہو چکا ، عدلیہ پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ اپنی بقاءکی جنگ لڑ رہی ہے، عدلیہ کو یہ لگا حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پولیس اور نیب کی طرح ہمیں بھی اپنے ماتحت کرنا چاہتی ہے، اللہ کرے عظمیٰ بخاری کےخلاف مہم چلانے والے پکڑے جائیں، اعظم نذیر تارڑ، آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کی غلط سمت پر کھڑے ہیں، آصف زرداری اور نوازشریف کو سوچنا ہوگا کیا وہ مارشل لاءنافذ کرنےوالے طالع آزما کی صف میں کھڑا ہونا چاہتے ہیں؟۔



















