لاہور(اپنے نمائندے سے) ریلویز پولیس کی ہفتہ وار فلاحی کارکردگی کی تفصیل جاری، 28 گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچے ورثاءکے حوالے، لاہور ڈویژن نمایاں رہی۔ ریلویز پولیس کی آٹھوں ڈویژ ن نے ماہ جولائی کے تیسرے ہفتے 15 جولائی سے 21 جولائی تک مسافروں کی خدمت اور دیگر سہولیات مہیا کرتے ہوئے 28 گھر سے بھاگے اور گمشدہ جن میں بچے، بچیاں اور لڑکیاں شامل ہیں، کو سلامتی سے انکے ورثاءکے حوالے کیا۔ اسکے علاوہ 51 مسافروں کو انکا قیمتی سامان جس کی مالیت تقریباً 4 لاکھ 24 ہزار روپے بنتی ہے کو، بحفاظت اور ایمانداری کے ساتھ انکے حوالے کیا گیا۔ اسی طرح 322 مسافروں جن میں ضعیف اور زخمی شامل ہیں، کو وہیل چیئرز اور فرسٹ ایڈ کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں ہفتہ وار کارروائی میں لاہور ڈویژن فلاحی کارکردگی کے حساب سے نمایاں رہی جس نے گھر سے بھاگے 12 بچوں اور بچیوں کو انکے ورثاءکے حوالے کیا۔ لاہور ڈویژن نے 19 مسافروں کو انکا قیمتی سامان جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار روپے بنتی ہے واپس کیا۔ اسکے علاوہ 87 مسافروں کو وہیل چیئر اور فرسٹ ایڈ کی سہولت فراہم کی گئی۔ پشاور ڈویژن نے 3، ملتان نے 5 کراچی ڈویژن نے 8 بچوں اور لڑکیوں کو ورثاءکے حوالے کیا۔ مزید گمشدہ سامان کی واپسی اور دیگر امداد کی صورت میں پشاور ڈویژن نے 62، راولپنڈی نے 101، ملتان 20، سکھر 25، کراچی 44 اور کوئٹہ نے 15 مسافروں کی معاونت کی۔
28 گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچے ورثاءکے حوالے، ریلویز پولیس کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ



















