فیصل آباد:(صداقت علی)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے مہنگی بجلی ، گیس ، پٹرول اور آئی پی پیز کے خلاف جلد ہی ملک گیر مزاحمتی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔ مشترکہ احتجاجی لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ تاجر دوست اسکیم کو تاجر دشمن قرار دے کر مستردکر دیا ۔ دبئی لیکس میں شامل عناصر کو کٹہرے میں کھڑا کر کے سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔
صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے پیٹرن انچیف شاہد رزاق سکا کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی ، آئینی اور معاشی بحران ہے۔ سیاسی جماعتیں عوام کی لڑائی لڑنے کے قابل نہیں۔ تاجر اور صنعت کارمہنگائی سے نجات پانے کے لئے پاکستان میں بھی آزاد کشمیر طرز کی تحریک شروع کریں گے۔ بہت جلد ملک گیر گول میز کانفرنس ہو گی اور ہم ملک گیر مزاحمتی تحریک سے حکمرانوں کا قبلہ درست کریں گے۔ آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کا فرانزک آڈٹ کروا کر معاہدے ختم کئے جائیں۔ بجلی مہنگی ہونے سے فیصل آباد کی پچیس فیصد سے زائد صنعتیں بند ہو چکی ہیں۔ بیروزگاری بڑھنے سے ملک میں بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے
کاشف چودھری نے کہابجٹ میں قوم پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد دیا گیا اور ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام متعارف کروایا گیا۔ تاجروں کی دبئی پراپرٹی لیکس میں جائیدادیں نہیں ہیں۔ حکومت کی تاجر دوست اسکیم فراڈ اور تاجر دشمن ہے۔ ہم اس کا ایس آر او مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایف بی آر اہلکاروں نے مارکیٹوں کا رخ کیا تو گھیراو کریں گے۔ حکمران ہمارے ساتھ مذاکرات کر کے جتنا مرضی ٹیکس لے لیں۔ آئی ایم ایف سے ملنے والا قرضہ عوام کی بجائے اشرافیہ اور مراعات یافتہ طبقے پر خرچ ہوا۔ اشرافیہ کی عیاشیوں کے لئے قوم مزید قربانیاں نہیں دے سکتی۔ بجلی بل ادا کرنے کے لئے خواتین اپنی بالیاں بیچ رہی ہیں۔
مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کیخلاف بھرپورمزاحمتی تحریک چلائینگے،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان



















