فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف پاکستان، عراق کا موقف یکساں ہے :گورنر پنجاب

لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ بیورو رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ کی پنجاب ہاوس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے مقدس مقامات کی زیارات کیلئے جانیوالے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی حکومت کے کردار کو سراہا، ملاقات میں لاہور سے پی آئی اے اور عراقی ہوائی کمپنی کے ذریعے زائرین کی روانگی پر بھی غور کیا گیا۔ سردار سلیم حیدرنے کہا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سفارتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک مشترکہ اسلامی اور ثقافتی پس منظر رکھتے ہیں، پاکستان اور عراق کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر اسرائیلی مظالم کیخلاف دونوں ممالک کا یکساں موقف ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔دریں اثناءپاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی اور گوجرانولہ میں ہونے والے پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گوجرانوالہ ہونے والے اجلاس میں شرکت اور خطاب کی دعوت قبول کرلی۔ وفد میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، ممبر ایف ای سی خالد کھوکھر، سابق نائب صدر طارق چودھری ، صدر آر آئی یو جے طارق علی ورک، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری نیّر علی ، سابق صدر انور رضا ، اور علی سندھی شامل تھے۔ ملاقات میں صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے فیڈرل ایگزیکٹو اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں صحافیوں کی لائف،جاب سیکیورٹی، آزادی اظہار رائے کو درپیش چیلنجز پر بات ہوگی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس پاکستان بھر کے عامل صحافیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔پی ایف یو جے کی آزادءصحافت، شخصی آزادیوں لئے مثالی قربانیاں ہیں۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پی ایف یو جے نے ہمیشہ آئین کی سربلندی اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے مثالی کردار ادا کیا۔میرے لئے اعزاز ہو گا کہ فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے گوجرانوالہ میں ہونے والے اجلاس میں شامل ہوں۔