بلاجواز تاخیر اختیار کرنیوالے افسران کی گنجائش نہیں، کمشنر فیصل آباد

فیصل آباد:(بیورو رپورٹ) کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگائی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ سمیت ڈویژنل وضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے درخواست گزاروں کے مسائل دریافت کئے اور میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ درخواستوں کو ایک ہفتہ میں نمٹا کر آئندہ کھلی کچہری میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے متوفی ملازمین کے ورثاءکو مالی امداد،17 اے کے تحت ملازمت،محکمانہ ترقی کے کیسز پر سائلین کی ایک ہفتہ میں داد رسی کی ہدایت کی۔

سلوت سعید نے واسا سے متعلقہ مسائل پر ایم ڈی کو فی الفور ٹیمیں متعلقہ علاقوں میں بھجواکر سیوریج کے ایشوز حل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ مسئلہ حل ہونے تک ٹیم موقع پر موجود اور درخواست گزار کی تسلی کراکر واپس آئے۔سائلین نے پی ایچ اے،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، محکمہ مال،ایف ڈی اے،ہیلتھ و ایجوکیشن سے متعلقہ بھی مسائل پیش کئے۔کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل میں بلاجواز تاخیر یا ڈنگ ٹپاﺅ پالیسی اختیار کرنے والے افسران کی ڈویژن میں کوئی گنجائش نہیں ۔عوام کی طرف سے دائر درخواست کا مکمل ریکارڈ درج ہوگا اور شکایت /مسئلہ حل ہونے تک درخواست ڈسپوز آف نہیں ہوگی۔اس ضمن میں پورٹل بھی بنایا جارہا ہے۔