اے پی سی میں شرکت کرینگے،عمران خان،جیل میں بھوک ہڑتال کی دھمکی

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان نے آپریشن عزم استحکام پر بلائی گئی اے پی سی میں شرکت کااعلان کردیا۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ملک کی خاطر آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کافیصلہ کیا،پارٹی حکومت کا موقف سنے گی،عزم استحکام آپریشن پر تحفظات موجود ہیں، آپریشن سے ملک میں عدم استحکام بڑھے گا۔

سابق وزیراعظم نے چیف جسٹس پر عدم اعتماد کرتے ہوئے جیل میں بھوک ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے کہاوکلا کی مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی حتمی تاریخ کا اعلان کروں گا،جیل میں مرنے کےلئے تیار ہوں، جب تک زندہ ہوں لڑوں گا،کبھی غلامی نہیں کروں گا، مریم نواز،نواز شریف،خواجہ آصف کے بیانات کی ویڈیوز موجود ہیں، کے پی حکومت کو کہوں گا ویڈیوز نکال کر خیبر پختونخوا میں ایف آئی رز درج کریں۔

عمران خان نے کہاافغانستان سے تعلقات بہتر ہونے تک کالعدم ٹی ٹی پی سے نہیں جیت سکتے، آپ آپریشن کریں گے، طالبان بھاگ کر افغانستان کے اندر چلے جائیں گے،پی ٹی آئی اور میرے مقدمات کے ہر بنچ میں چیف جسٹس کیسے آجاتے ہیں؟ وکلا نے چیف جسٹس کی ہر بنچ میں موجودگی پر اعتراض کیا ، اب شک ہے انصاف نہیں ملنا،پارٹی قائدین کو پیغام دے رہا ہوں اپنے اختلافات عوام میں لے کر نہ جائیں اگر آپ اختلافات عوام میں لے کر جائیں گے تو اصل مقصد سے ہٹ جائیں گے،انصاف نہ ملا توبھوک ہڑتال کروں گا۔

سابق وزیراعظم نے کہاساری دنیہ کو پتہ پاکستان میں کیا ہو رہا ہے،پورا ملک کہہ رہا ہے سب سے بڑا فراڈ الیکشن کرایا گیا، تحقیقات ہو جاتیں تو چیف الیکشن کمشنر پر آرٹیکل 6 لگ جاتا،بات چیت کا وقت 8 فروری کو گزر گیا،مذاکرات کیے تو شہباز حکومت ختم ہوجائے گی،بجٹ کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست کاخاتمہ ہوگیا۔