اسلام آباد میں جلسے کااعلان،منصف آئین کی تضحیک پر تلا ہے،پی ٹی آئی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے 6جولائی کو اسلام آباد میں جلسے کااعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل واپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا6 جولائی کو اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، جلسہ عمران خان کی رہائی ،حکومتی اقتصادی دہشت گردی کےخلاف ہوگا،6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا، عوام اپنے مستقبل کے تحفظ کےلئے ہر صورت شرکت کریں۔

ادھرپریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات روف حسن نے کہا چیف جسٹس چاہتے ہیں معاملات لٹکے رہیں،کورٹ کا رویہ انتہائی غلط ہے،ہیومن رائٹس کی رپورٹ پر غور کرنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ رپورٹس کا خیر مقدم کیا ،رپورٹس کا مطلب اندورنی معاملات میں مداخلت نہیں بلکہ سچائی کو سامنے لانا ہے۔

رﺅف حسن نے کہا آئین میں درج حقوق عوام کو دئیے جائیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری غیر آئینی ہے،فوری طور پر رہا کیا جائے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے بانی چیئرمین کےساتھ جو کچھ ہورہا ہے اس کی کوئی جسٹی فکیشن نہیں،چاہتے ہیں بانی چیئرمین عوام کے درمیان ہوں اور قوم کی رہنمائی کریں،تمام مسائل کا حل بانی چیئرمین ہی ہیں جو اڈیالہ جیل میں بیٹھے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہاانتخابی نشان چھینا گیا، منصف آئین کی تضحیک پر تلا ہے، مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو ملنی چاہئیں،زمینی ناخداوں سے درخوست ہے جلسے کےلئے این او سی دیا جائے اگر این او سی نہ ملا تو ذمے دار خود ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خان صاحب کو دباو میں لانے کےلئے تاریخ میں پہلی بار عدت کیس بنایا گیا ،مقصد خان صاحب کو کمپرومائزنگ حالات میں لانا تھا، خان صاحب مضبوط انسان ہیں ،کیس میں عورت کے شامل ہونے کے باوجود کمپرومائزڈ نہیں ہوئے۔

دریں اثنا اپنے ویڈیو پیغام میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا جے یو آئی کے سربراہ فضل الرحمن سے جلد ملاقات ہوگی ،مشترکہ جدوجہد کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا،اسلام آباد کا جلسہ اپوزیشن الائنس کے پلیٹ فارمز سے ہوگا، ٹیکس و مہنگائی کا بوجھ ناقابل برداشت ہے ،عوام آزاد عدلیہ اور آئین کی سربلندی کےلئے نکلیں گے۔