ساہیوال (بےورو رپورٹ) محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کنوینئر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور کی زیر قیادت اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب کا قافلہ امن ساہیوال پہنچا۔علامہ رشید ترابی، مولانا عبدالوہاب روپڑی، سید ضیاءاللہ شاہ بخاری، ڈاکٹر مظہر فرید،حاجی احسان الحق ادریس، سردار محمد خان لغاری،مفتی مبشر اور تمام مکاتب فکر کے علماءکرام بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر صائمہ علی،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،اے ڈی سی جنرل ساہیوال سید عثمان منیر بخاری،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ساہیوال عقیل اشفاق اور زونل ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف ضیاءالمصطفیٰ بھی موجود تھے۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ ایکدوسرے کی کمزوریوں پر نگاہ رکھنے کی بجائے باہمی احترام بہت سی مصیبتوں سے بچاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام ہمیں ایکدوسرے کے ادب و احترام، بھائی چارے اور محبت کا درس دیتا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے عزم استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علماءکرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکے شکر گزار ہیں جنہوں نے محرم الحرام میں قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے اتحاد بین المسلمین کے قافلوں کو پورے پنجاب میں بھیجا تاکہ امن و محبت کا پیغام پہنچا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و سلامتی کا قیام پوری قوم کی ذمہ داری ہے، علماءاور عوام متحد ہوکر وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے۔ اتحاد بین المسلمین، استحکام پاکستان اور پیغام پاکستان کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکرکے علماءکرام، مذہبی راہنما اور عوام پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متحد ہوکر امن و سلامتی کے دشمنوں کے تمام ناپاک عزائم اور مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیں۔ محرم الحرام میں امن کو یقینی بنانے کیلئے علماءاور مشائخ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ محرم الحرام کے دوران اپنے اردگرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں اور امن کو یقینی بنانے کیلئے علماءاپنے بھرپور کردار ادا کریں اور اس زریں اصول پر کاربند رہیں کہ اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گلگت میں فرقہ وارانہ تنازعے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے میں علماءنے اہم کردار ادا کیا جس سے سماج دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اور صحابہ کرام کی عزت و تکریم ہمارے مذہب کا حصہ ہے۔ دین برداشت کا نام ہے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ برداشت پیدا کریں اور اپنے اپنے عقیدے کے مطابق عمل کریں اور دوسروں کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بھی بہت ضروری ہے، توہین مذائب کے فیصلے کر کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے اور جو بے قصور ہیں ان کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خود عدالتیں لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سزادینا ریاست کا کام ہے کسی انفرادی شخص کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صبر، تحمل، برداشت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاقتیں طاق میں ہیں کہ پاکستان کو نقصان پہنچایا جائے۔ اجلاس میں تمام علماءاور مندوبین نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ ساہیوال ڈویژن ہمیشہ سے امن کا گہوارہ رہا ہے اور کبھی یہاں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، یہاں سے آپکو امن کی خوشبوئیں آئیں گی اور آپ بالکل اس ضمن میں بے فکر رہیں۔ تمام مسالک یہاں پر متحد ہیں اور ایکدوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ ہم سب ساہیوال انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور پیغام پاکستان کو منبرومحراب کے ذریعے ہر گھر میں آواز پہنچانے کا ذریعہ بنیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی جدوجہد کے ساتھ اظہار یکجہتی، ملک میں محرم الحرام میں قیام امن، ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
عوام متحد ہوکر وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دینگے:مولانا عبدالخبیر آزاد



















