لاہور (اپنے رپورٹر سے) قائم مقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خان نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے ہمراہ اخوت کالج مصطفی آباد میں نئے بلاک ڈاکٹر خلیفہ شجاع الدین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امجد ثاقب جس مشن کو لیکر چل رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ اخوت کے قرضہ حسنہ اور چاروں صوبوں کے طلبہ کو مفت تعلیم دینے کا پروگرام ایک غیر معمولی اقدام ہے۔ جس معاشرے میں لوگ فلاح و بہبود کے کام اکٹھے کرنا سیکھ جاتے ہیں وہ ترقی کرتے ہیں۔علم کے حصول کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانا بھی ضروری ہے۔قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے مزید کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا پرریاست کے خلاف پروپیگنڈے سے بچیں، تا کہ اپنے خاندان اور پاکستان کا مستقبل بہتر بنا سکیں۔ دور ِ حاضرکے حالات کے تناظر میں ادارہ اخوت کی خدمات کو سراہا جانا چاہیے۔ اس موقع پر ایم پی اے چوہدری الیاس گجر،چیئرمین اخوت فانڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او قصور عیسیٰ خاں، اسٹنٹ کمشنر عطیہ مدنی،ڈی ایس پی صدر سرکل خالد محمود جھٹول بھی موجود تھے۔ بعدازاں اخوت کالج مصطفی آبادمیں تقریب کے بعد قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا تھا۔حکومت نے کوشش کی ہے کہ عوام پر زیادہ بوجھ نہ پڑے۔ پنجاب حکومت نے ایک سرپلس بجٹ دیا ہے جس میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔بجٹ میں پبلک سروس کے 113 نئے منصوبے ہیں جن میں میونسپل سروسز، اور نوکریوں کے مواقع سمیت ہر چیز موجود ہے۔ایک سوال کے جواب میں قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیر خزانہ اورنگزیب پاکستانی معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی انہیں کامیابی دے۔
نوجوان سوشل میڈیا پرریاست کے خلاف پراپیگنڈے سے بچیں: سپیکر پنجاب اسمبلی



















