اسلام آباد، راولپنڈی ، پشاور، لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے نمائندے سے) ہائے مہنگائی، کراچی سے خیبر تک عوام سڑکوں پر نکل آئے، احتجاج، ریلیاں، بل نذرآتش، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی، جماعت اسلامی نے 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار کرنے اور بجلی کی قیمت میں اضافے کےخلاف راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں تاجروں نے احتجاج کیا ،راولپنڈی میں تاجر تنظیموں کی گروپ بندی کے باعث تمام مارکیٹوں میں علامتی طور پر 2 گھنٹے تک شٹر ڈاو¿ن نہ ہوسکا تاہم تاجروں نے ریلی نکالی،تاجروں نے بجلی کے بلوں میں لگائے گئے ٹیکسز کےخلاف نعرے بازی کی اور گیس کے بلز بھی جلادئیے، راولپنڈی کے بینک روڈ پر احتجاجی مظاہرے میں کشمیر روڈ حیدر روڈ اور دیگر بازاروں کی تاجر شامل ہوئے،تاجروں کے ایک دھڑے نے 4بجے علامتی طور پر کاروبار بند رکھ کر احتجاج بھی کیا،اس کے علاوہ بجلی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف آل پاکستان انجمن تاجران کی کال پرآبپارہ چوک میں تاجروں نے بھرپوراحتجاج کیا اور آبپارہ کی مرکزی شاہراہ بلاک کردی،سڑک بلاک ہونے کے بعد پولیس کی بھاری نفری مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پہنچی جبکہ شہر بھر سے تاجروں کے قافلے آبپارہ چوک احتجاج کےلئے پہنچے،اس کے علاوہ پشاور میں ٹیکسوں کے نفاذ، بجلی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کےخلاف تاجروں کی احتجاجی ریلی نکالی گئی، تنظیم تاجران کی جانب سے میلاد چوک سے چوک یادگار تک نکالی گئی ریلی میں شریک مظاہرین نے بجٹ میں عائد ٹیکس کے خاتمے، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا، ادھر جماعت اسلامی نے بھاری ٹیکسز اور مہنگی بجلی و گیس کےخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک میں اس وقت شدید بحران ہے، بجلی کے بلوں نے سب کو تڑپنے پر مجبور کردیا ہے،لوگ اپنے زیورات بیچ کر بجلی کے بل ادا کررہے ہیں، گیس اور پٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا، قوم کو مشکل وقت تنہا نہیں چھوڑ سکتے، 12 جولائی کو مہنگائی اور بھاری ٹیکسز کےخلاف اسلام آباد میں دھرنا دیں گے، ملک گیر ہڑتال پر بھی غور کررہے ہیں جبکہ پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی 5 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کردیا،نئے مالی سال کے بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر مزید ٹیکس عائد کیے جانے پر پٹرول پمپس مالکان شدید ناراض ہیں اور پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ٹیکس واپس نہ لینے کی صورت میں 5 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، مزید برآں نئے مالی سال 2024-25 کا بجٹ نافذ ہوگیا جس میں حکومت نے اشرافیہ کو مراعات دے دیں جبکہ تنخواہ دار اور کاروباری طبقے پر ٹیکسز کی بھرمار کردی گئی ہے،نئے بجٹ کے لاگو ہونے کے بعد سے شیرخوار بچوں کے ڈبہ بند دودھ ہی نہیں بلکہ دودھ کے عام پیکٹ پر بھی 18 فیصد جی ایس ٹی دینا پڑے گا، اسی طرح موبائل فونز کی خریداری پر بھی 18 تا 25 فی صد تک جی ایس ٹی عائد کیا گیا ہے،نئے بجٹ میں پٹرول، ڈیزل اور ہائی اوکٹین پر پٹرولیم لیوی میں 10 روپے لٹر اضافہ ہو گا، لبریکنٹ آئل پر بھی 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی لگا دی گئی اسی طرح سیمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 روپے سے بڑھا کر 4 روپے فی کلو کردی گئی ہے جبکہ بین الاقوامی سفر پر55 ارب کے اضافی ٹیکس لگائے گئے ہیں،حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار اور کاروباری طبقے کی آمدن پر 10 فیصد اضافی سرچارج لگا دیا ، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی شرح 39 فیصد ، ماہانہ ایک لاکھ روپے آمدن پر پہلے سے دوگنا ٹیکس دینا ہوگا،ایسوسی ایشن آف پرسنز کو 44 فیصد جبکہ کاروباری طبقے کو 50 فیصد تک انکم ٹیکس ادا کرنا پڑے گا ، تاہم حاضر سروس اور ریٹائرڈ سول و فوجی افسران کو پراپرٹی کی فروخت یا ٹرانسفر پر ٹیکس استثنیٰ دے دیا گیا ہے،نئے بجٹ کے ساتھ ہی حکومت کی جانب سے نئی پنشن سکیم کا بھی اطلاق ہوگیا جبکہ تاجر دوست سکیم کے تحت تاجروں سے ٹیکس وصولی بھی شروع ہوگئی،حکومت نے نئے بجٹ میں سٹیشنری پر ٹیکس چھوٹ برقرار رکھی ہے اسی طرح آزاد کشمیر اور سابق فاٹا کےلئے بھی ٹیکس چھوٹ برقرار ہے جبکہ فلاحی ہسپتالوں اور خیراتی اداروں کو بھی ٹیکس استثنیٰ ملتا رہے گا۔
ہائے مہنگائی، کراچی سے خیبر تک عوام کی دہائی، احتجاج، ریلیاں، بل نذرآتش، جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان



















