فیصل آباد،بجلی ، گیس کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ٹیکسٹائل پاور لوم ورکرز سراپا احتجاج

فیصل آباد:(صداقت علی)ٹیکسائل پاور لوم گارمنٹ ورکرز نے بجلی ، گیس ، ادویات اور روز مرہ استعمال کی اشیا ءکی قیمتوں میںہوش ربا اضافہ کے خلاف ملت چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرے میں ہوزری ، ٹیکسٹائل گارمنٹس ورکرز بشمول خواتین ورکرز کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اسلم معراج ‘میڈم حفصہ ‘محمد علی بٹ ‘شہزاد مغل ‘عبدالستار نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں غریب آدمی کیلئے علاج معالجہ کرانا ‘آسمان سے باتیں کرتے ہوئے پرائیویٹ ہسپتالوں کے اخراجات اور مہنگی ادویات خریدنا مشکل ہوچکا ہے اور رہی سہی کسر بجلی کے بلوں نے نکال دی ۔ مہنگائی نے غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے ۔ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی سہولتیںبڑھائے اور مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں کی لوٹ مار سے بچائے ۔ سرکاری ہسپتالوں میں ایمر جنسی سمیت تمام ان ڈور اور آﺅٹ ڈور شعبوں مےں ادویات مفت فراہم کی جائیں ۔ صحت کارڈ جیسی سرکاری مالی تعاون کے ساتھ چلنے والی ہیلتھ انشورنس اسکیمیں متعارف کروائی جائیں ۔ شعبہ صحت پر بجٹ کو جی ڈی پی کے دس فیصد تک بڑھایا جائے ۔ بجلی بلوں میں ظالمانہ اصافہ سے محنت کش طبقہ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوچکا ہے ۔کہاں گئے وہ دعوے جو حکمران الیکشن سے پہلے کرتے تھے کہ مہنگائی کم کریں گے۔ 300یونٹس تک بجلی مفت فراہم کریں گے ۔