ایرانی اصلاح پسند امیدوار مسعود پیزشکیان کا مغرب کیلئے زیادہ کھلے پن پر زور

تہران مسعود پیزشکیان ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 42 فیصد ووٹ حاصل کرنے والے اصلاح پسند امیدوار مسعود پیزشکیان نے مغرب کے حوالے سے تہران پرکھلے پن اور فراخدلی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیزشکیان نے الیکشن کے پہلے راﺅنڈ کے نتائج میں 42 فیصد ووٹ حاصل کئے، لیکن پیشے کے اعتبار سے انہیں 5 جولائی کو ہونے والے فیصلہ کن راونڈ میں اپنے انتہائی قدامت پسند حریف سعید جلیلی کے خلاف جیتنے کیلئے اعتدال پسند اور اصلاح پسند ووٹروں کو متحرک کرنا ہو گا۔کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ شمال مغربی ایران کے سب سے بڑے شہر تبریز سے تعلق رکھنے والے مسعود پیزشکیان اتنے زیادہ ووٹ لینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ گارڈین کونسل نے ان کی الیکشن میں شمولیت کی درخواست قبول کر لی تھی مگر اسے بھی اندازہ نہیں تھا کہ وہ انتخابات میں اتنے زیادہ ووٹ لے لیں گے۔ وہ پانچ دیگر امیدواروں میں واحد اصلاح پسند رہنما ہیں۔ دیگر چاروں امیدوار سخت گیر سوچ کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔69 سالہ مسعود پیزشکیان اصلاح پسندوں اور اعتدال پسندوں کے کیمپ میں کوئی نمایاں شخصیت نہیں ہیں۔ اصلاح پسندوں کا قدامت پسندوں کے مقابلے میں اثر و رسوخ حالیہ برسوں میں کم ہوا ہے۔مسعود پیزشکیان اس کیمپ کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے، خاص طور پر سابق صدور محمد خاتمی اور حسن روحانی کے ساتھ ساتھ سابق وزیر خارجہ جواد ظریف کی طرف سے انہیں حمایت حاصل رہی۔ جواد ظریف کو 2015 ایران کے جوہری پروگرام پر مغرب کے ساتھ کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔مہم کے آغاز کے بعد سے پیزشکیان نے سادگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ اکثر سادہ جیکٹ پہنےدیکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی تقریروں میں کسی قسم کی مبالغہ آرائی سے کام نہیں لیا اور عوام سے جھوٹ موٹ کے وعدے بھی نہیں کیے۔وہ ایک خاندانی آدمی ہیں۔ انہوں نے 1993 میں ایک ٹریفک حادثے میں اپنی بیوی اور اپنے ایک بچے کی موت کے بعد اکیلے تین بچوں کی پرورش کی۔ وہ خود کو بے آواز کی آواز قرار دیتے ہیں۔انہوں نے عہد کیا کہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں انتہائی پسماندہ گروہوں کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کام کریں گے۔اپنے مخالفین کے مقابلے میں پیزشکیان کا حکومتی تجربہ محدود ہے۔ انہیں 2001سے 2005 تک صدر محمد خاتمی کی اصلاحاتی حکومت میں وزارت صحت کا قلمدان سونپا گیا تھا۔2008 سے انہوں نے پارلیمنٹ میں تبریز شہر کی نمائندگی کی۔ انہیں حکومت پر تنقید کیلئے جانا جاتا ہے، خاص طور پر ستمبر 2022 میں نوجوان خاتون مہسا امینی کی موت کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔پیزشکیان 29 ستمبر کو مغربی آذربائیجان صوبے میں واقع شہر مہاباد میں پیدا ہوئے۔ وہ آذربائیجانی اور کرد زبانیں بولتے ہیں۔ وہ ملک میں اقلیتوں کے پرزور حامی تصور کیے جاتے ہیں۔مہم کے آغاز سے ہی وہ امریکہ کی قیادت میں ایران اور مغربی ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دے رہے ہیں تاکہ مغربی پابندیوں میں نرمی کے ذریعے ملک کی ابتر معیشت کو بہتربنایا جا سکے۔پیزشکیان ایران کو عالمی تنہائی سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم مغرب یا مشرق سے دشمنی نہیں کریں گے۔ امید ہے کہ ایران اپنی تنہائی سے نکل آئیگا۔انہوں نے ایرانی جوہری پروگرام پر مذاکرات کو بحال کرنے کیلئے واشنگٹن کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا وعدہ کیا۔ امریکہ کے 2018 میں بین الاقوامی معاہدے سے نکلنے کے تین سال بعد یہ معاہدہ تعطل کا شکار ہے۔پیزشکیان زور دیتے ہیں اگر ہم امریکی پابندیاں ہٹاتے ہیں تو لوگوں کی زندگی زیادہ آرام دہ ہو جائے گی۔اگر پیزشکیان الیکشن جیت جاتے ہیں تو وہ سیاسی قوتوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے، جو ان کے بقول ملکی مسائل کی بنیادی وجہ ہیں۔پیزشکیان لازمی حجاب کے نفاذ کی پالیسی کے بھی ناقد ہیں۔ پیزشکیان کہتے ہیں کہ ہم کسی بھی پرتشدد اور غیر انسانی رویے کی مخالفت کرتے ہیں۔زبردستی حجاب پہننے پرمجبور کرنے جیسی حرکتوں کی اجازت نہیں دے سکتے۔