حکمرانوں نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ،جماعت اسلامی ٹوبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ :( میاں افتخار احمد)انتخابی مہم کے دوران 200اور 300یونٹ مفت بجلی دینے کے دعویدار موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ،وزیر اعظم کا یہ کہنا موجودہ بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے بنایا گیا ہے ،موجودہ حکمرانوں کے منہ پر شرمناک طمانچہ ہے ، ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب مولانا جاوید قصوری نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت اسلامی ضلع ٹوبہ حافظ فرحان اللہ، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار میاں شعیب ایڈووکیٹ، میاں محمد زبیر،میاں ارشد جاوید ایڈووکیٹ،ڈاکٹر عطاءاللہ،مولانا رحمت اللہ ارشد، میاں وکیل احمد،حافظ عبدالشکور بھی موجود تھے۔

مولا نا جاوید قصوری نے مزید کہا کہ90 آئی پی پیز کمپنیاں حکومتی چھتری تلے پناہ لئے ہوئے ہیں، ظلم وجبر کے نظام کاخاتمہ ہوکر رہے گا، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں اگر عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے تو عوام کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبان پرہوگا،انہوں نے کہا کہ حکومت نے بیرون ملک سے اربوں روپے کی گندم خرید کر اپنے کسانوں کا معاشی قتل کیا ہے ،پنجاب حکومت چار پانچ خواتین کے حوالے کی ہوئی ہے ،کسانوں کیلئے اربوں روپے کا نام نہاد ریلیف پیکج اب کسانوں کیلئے سود کی نئی ہتھکڑی بن چکا ہے ،بجلی کے بلز کے نام پر عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال کر آئی پی پیز کمپنیوں کو نوازا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو ان کا حق دلوانے اور ظلم کے نظام کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھے گی ۔