پنجاب پولیس جدید انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی سے آراستہ فورس ہے:آئی جی

لاہور:(کرائم رپورٹر) چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) لیفٹیننٹ جنرل منیر افسرنے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا، ڈائریکٹر جنرل نادرا لاہور سہیل جہانگیر، اے ڈی رضوان علی، میجر ندیم گوندل ساتھ تھے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سینئر پولیس افسران نے چیئرمین نادرا کو خوش آمدید کہا،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے چیئرمین نادرا کو سلامی پیش کی،چیئرمین نادرا نے یادگار شہدا پولیس پر حاضری دی، شہدائے پولیس کی ارواح کے ایصال ثواب کےلئے فاتحہ خوانی کی۔

چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے پنجاب پولیس کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا،آئی جی سے ملاقات میں سٹریٹیجک پارٹنرشپ، ڈیٹا انفارمیشن شیئرنگ، سائبر سکیورٹی سمیت دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے بارے تبادلہ خیال کیا گیا،ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاپنجاب پولیس جدید انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی سے آراستہ فورس ہے ،جرائم پیشہ و دہشت گرد عناصر کی شناخت، شہریوں کی ویریفیکیشن، پولیسنگ امور میں نادرا کی ڈیٹاشیئرنگ انتہائی قابل ستائش ہے، چیئرمین نادرا نے شرپسند و جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی، شناخت کے عمل میں پنجاب پولیس کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیا۔

سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے کرائم فائٹر افسروں و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا ہے جدید ٹیکنالوجی اور پروفیشنل سکلز سے کریک ڈاو¿ن کو مزید موثر بناتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر سے منظم جرائم کی بیخ کنی کا عمل مزید تیز کیا جائے، آئی جی نے جرائم کی سرکوبی میں شاندار کارکردگی کی حامل پولیس ٹیموں کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا،آرگنائزڈ کرائم ونگ کی 12، انویسٹی گیشن کی 06 اور آپریشن ونگ کی 01 ٹیم کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی۔