اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے اپنے لوگوں کےخلاف ننگی فسطائیت یا لشکر کشی کے ذریعے دہشتگردی کا تدارک ممکن ہے نہ ہی پاکستان کو استحکام نصیب ہونے کے امکانات ہیں،موجودہ حکومت کے پاس دہشتگردی سے نمٹنے کی واضح حکمت عملی موجود نہیں، نتیجہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
اڈیالہ جیل سے خصوصی پیغام میں عمران خان نے کہادہشتگردی کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام ہمیشہ سے پی ٹی آئی کی پالیسی رہی ہے،پی ٹی آئی حکومت کے دوران دہشتگردی میں بڑی کمی آئی، جنرل باجوہ نے محض ذاتی فائدے کےلئے ملک کو بے حد نقصان پہنچایا،پی ڈی ایم حکومت کے وزیر خارجہ نے پوری دنیا کا چکر لگایا لیکن افغانستان نہیں گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا صورتحال یہ ہے ضمیر و قلم فروشوں کے نہایت چھوٹے سے گروہ کے علاوہ ماضی میں ہائبرڈ سسٹم کا طعنہ دینے والے ناقدین بھی کھل کر ملک پر بدترین شخصی آمریت کے غلبے کی نشاندہی کر رہے ہیں،پاکستان کا مستقبل عوامی مینڈیٹ کے احترام ، قانون کی حکمرانی اور سیاست کے استحکام سے وابستہ ہے۔
دوسری جانب سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان سمیت دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی،عدالت نے مقدمات کی سماعت 15 جولائی تک بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی۔
ادھر ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں عمران خان ا،بشریٰ کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی گئی،عدالت نے استفسار کیا بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب آیا کیا؟ ،عدالتی عملے نے جواب دیا ابھی تک جیل حکام کا جواب نہیں آیا،جج افضل مجوکا نے کہاجواب کا انتظار کرلیتے ہیں۔
اپنے لوگوں کےخلاف ننگی فسطائیت سے دہشتگردی کا تدارک ممکن نہیں،عمران خان



















