لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں قمر زمان کائرہ نے سردار سلیم حیدر خان کو گورنر پنجاب کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے مفاہمت اور اتحاد پر زور دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام جمہوریت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سیاسی طور پر مستحکم ہوگا تو ملکی معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں اعلی تعلیم کا فروغ ان کی ترجیحات ہیں۔پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کی سلامتی، عزت و قار اور عوام کے فلاح و بہبود کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی استحکام کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں ڈائریکٹر ایس او ایس چلڈرن ولیج لاہور الماس بٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر منزہ شیخ نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے ایس او ایس چلڈرن ولیج لاہور کے رہائشی بچوں کیلئے 10 لاکھ روپے کا چیک دیا۔گورنر پنجاب نے گزشتہ دنوں عید الاضحی کے دن ایس او ایس چلڈرن ولیج لاہور کے دورے کے موقع پر 10 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاپ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بے سہارا بچوں کی خدمت کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات کا حصول ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام بھی ہمیں بے سہارا بچوں کے ساتھ شفقت اور محبت کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر ایسے بچوں کو معاشرے کا ایک فعال اور ذمہ داری شہری بنانے کیلئے اپنی اسطاعت کے مطابق اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ بے سہارا بچے ایس او ایس جیسے اداروں میں بہتر تعلیم و تربیت کے بعد معاشرے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔گورنر پنجاب نے اگلے سال ایس او ایس چلڈرن ویلج لاہور کے تین بچوں کو ایچی سن کالج میں سکالر شپ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس او ایس چلڈرن ولیج لاہور کے رہائشی بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
ملک سیاسی طور پر مستحکم ہوگا تو ملکی معیشت میں بھی استحکام آئیگا:گورنر پنجاب



















