بھلوال:دیرینہ دشمنی پر 2سگے بھائی اور بہنوئی قتل،آئی جی کا نوٹس ،رپورٹ طلب

بھلوال،لاہور:(تحصیل رپورٹر،کرائم رپورٹر)دیرینہ دشمنی کی بناپر تاریخ پیشی سے واپسی پر مخالفین نے فائرنگ کر کے 2سگے بھائیوں کو بہنوئی سمیت قتل کر دیا۔

دھوری اور گڑھ قائم کے رہائشی مدثر شہزاد، مناظر علی اور گڑھ قائم کا رہائشی جاوید ساتھیوں کےساتھ بھلوال سیشن جج کی عدالت میں مقدمہ قتل کی تاریخ پیشی سے واپس جانے کیلئے جب راجہ اسلم کالونی چک نمبر5جنوبی کے ریلوے پھاٹک کے پاس پہنچے تو ٹرین کی آمد کی وجہ سے پھاٹک بند تھا ،موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مخالف گروپ کے مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی ،مدثر شہزاد، مناظر علی اور جاوید موقع پر جاں بحق ہوگئے ، واردات کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔

رائم سین یونٹ اور فارانزک ٹیموں نے موقع پر شواہد کو محفوظ کیا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال بھلوال منتقل کردیا گیا، پولیس کے مطابق واردات پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے ،جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد ملزمان کو ٹریس کرلیا جائے گا ادھر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا میں بھلوال روڈپر تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی ، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دے کر خود فالو اپ کی ہدایت کی۔