لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہر اعتدال پسند لاعلاج انتہا پسندوں کے نشانے پر ہے،ہم لوگ اپنے تجربات سے سیکھنے کیلئے تیار نہیں ہیں،یہ انتہا پسند اپنے لیڈر کو انسان کی بجائے کوئی دیوتا یا اوتارسمجھتے ہیں۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپنے دھڑے کیلئے جھوٹ بہتان تراشی تضحیک سازش اپنا فرض منصبی سمجھا جاتا ہے، یہاں ہمہ وقت بہادری اور جرات کا درس وہ دیتے ہیں جن کا ناخن تک عوامی جدوجہد میں نہیں کٹا ،جیلیں انہوں نے باہر سے گزرتے ہی دیکھی ہیں، یہ لوگ پاکستان میں ہونے والی طویل سیاسی جدوجہد کی ابجد سے واقف نہیں ، اپنے ہاتھ سے ایک تنکا نہ توڑنے والے جاہل دوسروں کو مار دینے کے مشورے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹیکس چور اپنے گریبان میں جھانکے ،بغیر ٹھنڈی فضاﺅں میں بیٹھ کر امانت داری کے بھاشن دیتا مخالفین کو بلا ثبوت چور ثابت کرنا ثواب سمجھتا ہے ،آج جیلوں اور سختیوں کا سامنا کرنے والے کل تک پوری شدت سے اپنے مخالفین کی تضحیک توہین اورتذلیل کرتے تھے،جھوٹے مقدمات بنواتے ، گرفتاریاں کرواتے اور بے شرمی سے اس پر بغلیں بجاتے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی بھی ندامت اعتراف اور معذرت کے بغیر وہ اپنے لئے انصاف اور حمایت چاہتے ہیںتاکہ دوبارہ موقع ملنے پر غلطیوں سے سیکھے بغیر پہلے سے بڑے فاشسٹ بن کر ریاست کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں جبکہ ان کے مخالف ماضی سے سیکھے بغیر قابو آ جانے پراب ان کا سرمہ بنوانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یادش بخیر ،ہمیںبزدلی کے طعنے دینے والوں کی غالب اکثریت گالیوں بہتان تراشی اور انتقام کو جرات سمجھتی ہے،خود کبھی میدان عمل میں اترنے کی جرات نہیں کی ،یہی وہ فکری زوال ہے جس کی ذمہ داری مارشل لاءجرنیلوں ، ان کا بغل بچہ بننے والے سیاستدانوں ، نظریہ ضرورت والی ججوں اور بکا ﺅجرنلسٹوں کے گروہوں پر عائد ہوتی ہے جس کے باعث پاکستانی معاشرہ جنگل کا منظر پیش کر رہاہے ،بہر حال کوئی اپناہو یا پرایا،سنے نہ سنے مانے نہ مانے ،گالی دے یا طعنہ یا پھر جیلوں میں ڈال دئیے جائیں ،سفید کو سیاہ اور سیاہ کو سفید نہیں کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کہنے والی بات میڈیامیں اور مجلس میں کہنے والے بات مجلس میں کہی جاتی ہے اور کہی جاتی رہے گی،کوئی دباﺅ، گالی دھمکی یا طاقت الحمد اللہ ہمیںاپنی بات کہنے سے نہ پہلے روک سکی نہ اب روک سکتی ہے،اندھی مخالفت اورنہ اندھی حمایت کی جائے گی۔
ہر اعتدال پسند لاعلاج انتہا پسندوں کے نشانے پر،ہم لوگ اپنے تجربات سے سیکھنے کیلئے تیار نہیں: سعد رفیق



















