ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائیں گے: ڈی پی او ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) عیدالاضحی کے موقع پرجامع سکیورٹی پلان جاری کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر تمام ممکنہ حفاظی اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے وسیع پیمانے پر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں۔ ضلع ہذا میں عیدالاضحی کے کل232 اجتماعات ہوں گے جس میں کل 171 مساجد،12امام بارگاہوں، اور 40 کھلے مقامات پر نماز عید الاضحی کے اجتماعات ہوں گے۔ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ۔ ضلع بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ، ملک دشمن و جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کیلئے سول پارچات میں ملبوس اہلکار تعینات،ضلع بھر میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے 900 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے جن میں 7 ڈی ایس پیز،28انسپیکٹرزو ایس ایچ اوز،93 اپرسبارڈینیٹ،510 کانسٹیبلز، 63لیڈی کانسٹیبلز اور152ٹریفک پولیس اہلکار جبکہ ایلیٹ کی 8ٹیمیں امن کی فضا برقرار رکھنے کیلئے گشت پر مامور رہیں گی۔ اہم مساجد میں واک تھرو گیٹ، میٹل ڈیٹیکٹر اورتمام اہم اجتماعات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد کی خصو صی ہدایات پر شہر بھر میں پکٹ پوائنٹ قائم کر کے مشکوک اور شر پسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایات جاری جبکہ بھاری گاڑیوں کا شہر میں داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ ڈی پی او ساہیوال نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کی خوشیوں کے موقع پرعوام الناس کو پر امن ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہم اپنے فرائض انتہائی بہادری اور جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر انجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس موبائلز کے دستے مسلسل گشت کریں گے جبکہ شہر بھرکے بازاروں، مویشی منڈیوں اور زیادہ رش والے مقامات، مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز، کمرشل سنٹرز،کاروباری پوائنٹس، اہم شاہراہوں اور داخلی او ر خارجی راستوں پر پولیس ملازمان الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔