کیش بجٹ،ہر فرد کو ٹیکس دینا پڑے گا،مشکل فیصلے لیکر عوام کو ریلیف دینگے،پنجاب حکومت

لاہور:( اپنے رپورٹر سے)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے پنجاب کاکیش بجٹ ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب دن رات محنت کر کے معیشت کی سمت درست کر رہی ہیں،درست فیصلے کرکے عوام ،معیشت کو استحکام دینا ہے،حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ،ہر فرد کو ٹیکس دینا پڑے گا،صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا پنجاب پہلا صوبہ ہے جو ایک ہزار ارب سے زیادہ آمدنی اپنے وسائل سے اکٹھی کرے گا،گندم کے قرض کی واپسی کےلئے351ارب رکھے گئے ہیں،پہلی مرتبہ ہو گا آئندہ مالی سال میں گندم کی تمام ادائیگیاںکر دیں گے،بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس نہیں بڑھایا گیا، پراپرٹی ٹیکس سے 100ارب اکٹھا کرنے کی صلاحیت ہے،ڈی سی ریٹ پر مسلسل نظر ثانی ہوتی رہنی چاہیے۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا وفاق ،پنجاب کے بجٹ ویژن کے عکاس ہیں،وفاقی ، پنجاب کے بجٹ میں پالیسی دی گئی معیشت کو کیسے درست کرنا ہے،کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا،درست فیصلے کر کے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ،پنجاب حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ،تنقید ضرور کریں لیکن 5سال مل کر چلنا پڑے گا،استحکام ضروری ہے ورنہ ترقی نہیں کر سکتے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا تاریخی سرپلس بجٹ پیش کیا گیا،ایک لاکھ سے زائدافراد کو روزگار ملے گا،مہنگائی کی شرح30فیصد سے کم ہوکر 11.8فیصد پر آ چکی ، مزید کمی ہو گی،ابھی شروعات ہے مزید بہتری لائیں گے،ترقیاتی منصوبے ہی غربت کم کرنے میں مدد دیتے ہیں،4سال کچھ نہ کر نے والے اسمبلی میں شور مچاتے رہتے ہیں، پچھلی حکومتوں کی تختیاں اتار کر اپنی نہیںلگا رہے ۔