لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر ملک احمد خان نے مقامی ہوٹل میں چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو اور سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ”پنجاب میں بچوں کے خلاف جرائم کا مقابلہ کرنے“ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ،جسٹس (ر)ناصرہ جاوید، سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈیشنل سیکرٹری ملک خلیل احمد، سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن سے سید کوثر عباس، ترجمان پنجاب اسمبلی راو¿ ماجد علی اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پنجاب اسمبلی اور سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔سپیکر ملک احمد خان نے بچوں کے تحفظ کیلئے چیئر پرسن سارہ احمد کی سر پرستی میں بہترین کام پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی کارکردگی کو سراہا۔سپیکر ملک احمد خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا تحفظ موثر قانون سازی کے ذریعے ممکن ہے۔ قانون سازی پر عمل درآمد کروانا حکومت کا فرض ہے۔چائلڈ لیبر سے بچوں کے ذہن پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو استحصال کا شکار بنانے والے ملزمان سخت سزاو¿ں کے مستحق ہیں۔آج بچے چائلڈ لیبر سمیت بہت مسائل میں الجھے پڑے ہیں۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں گم شدہ و لاوارث بچوں کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ سپیکر نے کہا کہ بچوں کو بھیک مانگنے سے روکنے اور انہیں تعلیم کی جانب راغب کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ سپیکر ملک احمد خان نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں ایک نفرت کی لہر دوڑ رہی ہے۔ عدم برداشت اور نفرت کی اس لہر کے دور میں سارہ احمد کابچوں کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتا ہوں۔ ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر استحصال کا شکار بچوں کا تحفظ اور بحالی وقت کی ضرورت ہے۔ بچوں کے حقوق اور بچوں سے متعلقہ قوانین کی آگاہی فراہم کرنا نہایت ضروری ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن کی ٹیمیں شاہرات پر بھیک مانگنے والے بچوں کو تحویل میں لیکر انکی تربیت کا بیڑہ اٹھا رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے سپیکر ملک محمد احمد خان، ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ اور سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
بچوں کا تحفظ موثر قانون سازی کے ذریعے ہی ممکن ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی



















