خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس،رپورٹ طلب ،کوتاہی کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی:مریم نواز

لاہور ( اپنے رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پتوکی اور کبیروالہ میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا اور صوبائی وزراءخواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کبیر والہ کے نواحی بنیادی مرکز صحت کورٹ حق نواز پہنچ گئے، صوبائی وزراءنے خسرہ سے متاثرہ بچوں کے والدین سے آگاہی حاصل کی اور غفلت کا ارتکاب کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر خسرہ سے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد بھی بڑھادی گئی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں خسرہ سے متاثرہ بچوںکے علاج کےلئے مخصوص وارڈ بھی قائم کر دیا گیا، مریم نوازنے سیکرٹری ہیلتھ سے خسرہ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے اسباب کے بارے میں فوری رپورٹ طلب کرلی ،وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت کے حکام کو خسرہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، مریم نوازنے کہامحکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں، کوتاہی کی ذمہ داری کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی،ر وزانہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسوں کو مانیٹر کیا جائے اورمتاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت نہ کی جائے گی،وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام مراکز صحت اور سرکاری ہسپتالوں میں خسرہ سمیت امراض کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔