حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں، مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے :صوبائی وزراءصحت

ساہیوال (بیورورپورٹ)صوبائی وزراءصحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کا دورہ ساہیوال، ڈی ایچ کیو قیوم ہسپتال اور ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں مریضوں کے علاج کیلئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی، پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمران حسن خان اور دونوں ہسپتالوں کے انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی اور ان سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں معلومات لیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ داخل مریضوں کو تمام ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔دونوں صوبائی وزرا نے ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عام آدمی کو صحت کی بہتر سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے پر پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور ان کا“کلینک آن ویلز”منصوبہ اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس سے مریضوں کو ان کے گھروں پر معائنے کی سہولت میسر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں جس کے مثبت اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔