کمشنر ساہیوال کی خصوصی دلچسپی، بس سٹینڈز ریونیو میں ریکارڈ اضافہ

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی خصوصی دلچسپی سے شہر کے دونوں بس سٹینڈز کی روزانہ آمدنی میں ریکارڈ اضافہ، کارپوریشن کو بدھ کے روز 64350روپے کی آمدن حاصل ہوئی جس میں اولڈ جی ٹی روڈ لاری اڈے سے 47100روپے اور اندورن اڈے سے 17250روپے شامل ہیں۔ کمشنر نے چیف آفیسرشیخ اشفاق حمد اور میونسپل آفیسر فنانس محمد شفیق کی مسلسل کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس دگنی آمدن حاصل کرنے میں نیک نیتی سے فرائض کی ادائیگی اور فرض شناسی شامل ہے۔ وہ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سیف اللہ، ڈائیریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق اور سٹی منیجر پسپ اسجد علی سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے میونسپل آفیسر فنانس محمد شفیق کو ہدایت کی کہ وہ مانیٹرنگ کا یہ عمل جاری رکھیں تاکہ پچھلے سال کے مقابلے میں ان اڈوں سے دگنی آمدن کا ہدف حاصل ہو سکے۔ اجلاس میں سٹی منیجر پسپ اسجد علی نے بتایا کہ فرید ٹاﺅن روڈ پر 56انچ سیوریج پائپ لائن کا 51فیصدکام مکمل ہو گیا ہے اور 480 پائپ میں سے 245بچھائے جا سکے ہیں۔ کمشنر نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مڈھالی روڈ پر کارپٹنگ کا کام بھی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو در پیش مشکل جلد دور ہو سکے۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی بلڈنگ برانچ کو شہر میں قائم ہوٹلوں ،ریسٹورانوں اور شو رومز سے کمرشل فیس حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔