لاہور( حافظ کاشف سندھو سے)تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی جانب سے شارٹ ٹرم اغوا اور تفتیش کے نام پر شہریوں کو تھانوں میں غیر قانونی حراست میں رکھ کہ بے جا تشدد کا نشانہ بنانا اپنا وطیرہ بنا لیا ۔اسکی ایک بڑی وجہ شہریوں کو ڈرا دھمکا کہ پیسوں کا حصول اور دوسرا تھانوں میں پولیس رولز اور پولیس آرڈر کے تحت روزنامچہ رجسٹر مرتب نہ کیا جانا ہے۔ آئین کا آرٹیکل 9 شہریوں کی آزادی اور زندگی کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، آئین کا آرٹیکل 10 ہر گرفتار شہری کو اسکی وجوہات سے آگاہ کرنے پر زور دیتا ہے۔ اسکے علاوہ آئین کا آرٹیکل 10 شہری کو اسکی مرضی کےوکیل سے مشاورت کرنے کا حق دینے کی بھی ضمانت دیتا ہے، تھانوں میں شہریوں کی غیرقانونی حراست اور ان پر بیجا تشدد انکے بنیادی حقوق کی نفی ہے،اسکے باوجود پولیس آج کل تفتیش کے نام پر جسے چاہے اٹھا لیتی ہے اور دو چار دن غائب رکھنے ہوئے بیجا تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد نذرانہ لئے بغیر شہریوں کو نہیں چھوڑا جاتا، ریاست کے ہر ادارے پر آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت ہر شہری کی تکریم لازم ہے، آئین کا آرٹیکل 14 شہری سے ثبوت کی غرض سے اس پر تشدد کرنے سے روکتا ہے، آئین اس ملک کا مقدس ترین قانونی دستاویز ہے، ریاستی اداروں کو شہریوں کے بنیادی آئینی حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔شہری اکثر غیر قانونی حراست ختم کروانے کیلئے عدالتی بیلف کا سہارا لیتے ہیں جس کی پاداش میں اپنے بچاﺅ کیلئے پولیس حراست میں لئے گئے شہری کو کسی نہ کسی مقدمے میں نامزد کردیتی ہے یا آوارہ گردی کی رپٹ لکھ دی جاتی ہے ۔پولیس کی غیرقانونی حراست میں شہریوں پر تشدد اور بے حرمتی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پولیس کے غیر آئینی روئیے سے نمٹنے کیلئے عدالتوں اور اعلیٰ پولیس افسران کو عملی طور پر اقدامات کرنے چاہیے ۔ انسانی حقوق کی تنظیموں اور سماجی حلقوں نے پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کے آئینی حقوق کو پامال کرنیوالے پولیس افسروں کیخلاف مقدمات درج کرکے ان کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا عمل تیز کرنا چاہیے جبکہ پنجاب کے اکثر تھانوں میں روزنامچہ رجسٹر مرتب ہی نہیں کیا جاتا، پولیس کا روزنامچہ رجسٹر ترتیب نہ دینے کا مقصد تھانوں میں ہونے والی لاقانونیت کو چھپانا ہوتا ہے، تھانوں میں روزنامچہ رجسٹر مرتب نہ کرنا اعلیٰ پولیس افسروں کی لاپرواہی کو ظاہر کرتا ہے۔انسانی حقوق کی تنظیموں اور شہری و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے اس اہم معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور پولیس کی طرف سے اختیارات کا ناجائز استعمال ،آئی جی پنجاب گڈ گورننس وژن خطرے میں



















