سینٹ،ججز مخالف تقاریر،آئین وزیراعظم کی طلبی کا اختیار نہیں دیتا،وزیر قانون

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سینٹ میں ججز مخالف تقاریر، سلیکٹو جسٹس اور توہین عدالت کے الزامات عائد،فیصل واوڈا توہین عدالت کا معاملہ سیکرٹریٹ کو ارسال کر دیا گیا ۔

قائم مقام چیئرمین سیدال خان کی زیر صدارت سینٹ اجلاس ہوا تاہم بعدازاں سینیٹر شیری رحمن نے ایوان کی کارروائی کو چلایا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا چیف جسٹس صاحب ایک قابل احترام ، متحمل مزاج جج ہیں، انہوں نے قانون کی بات کی، خدمات سب کے سامنے ہیں جو انہوں نے ماضی میں جھیلا وہ بھی ہمارے سامنے ہے ،تاریخ نہیں بھولنی چاہیے، سیاست میں خدمت بھی شامل ہے، ہمیں ایک دوسرے سے گفت و شنید ہونا چاہیے، کیا ہمیشہ سیاستدان ہی ہمیشہ سزائیں بھگتیں گے کہ کبھی کسی وزیر اعظم کو لٹکا دیں تو کسی کو گھر بھیج دیں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وضاحت کی حکومتی نمائندے کے حوالے سے کہنا چاہتا ہوں اداروں میں ٹکراو کی صورتحال نہیں، چیف جسٹس آف پاکستان ایک متحمل اور بیلنسڈ جج ہیں، آئین پاکستان کسی عدالت کو یہ اختیار نہیں دیتا کہ وہ غصے میں آکر جو مرضی کہہ دے، پارلیمان سپریم ادارہ ہے، میں امید رکھتا ہوں چیف جسٹس شفافیت کو سامنے رکھ کر کیس پر فیصلہ کریں گے، معاملے کو سینٹ سیکرٹریٹ کو بھیجا جائے تاکہ وہ اس کی رپورٹ تیار کرے اور چیئرمین سینٹ کو وہ رپورٹ دیں، چیئرمین سینٹ آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

ایم کیو ایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا فیصل واوڈا نے اہم نکتہ اٹھایا، ایسا لگتا ہے لاکھوں ووٹ لینے والے اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ سب کی عزت ہے ، آئین صرف ججوں کی عزت کی بات نہیں کرتا بلکہ اراکین پارلیمنٹ کی عزتوں کی بات بھی کرتا ہے، اداروں میں بیٹھے لوگوں کو بھی حق نہیں کہ وہ ہماری عزتیں اچھالیں، پارلیمان سے سپریم کوئی ادارہ نہیں ہے، آپ کی عزتیں ہماری عزتیں ہیں، اگر آپ کی جانب سے سلیکٹو جسٹس ہوگی تو لوگ آواز اٹھائیں گے، توہین ہے کیا ؟ کس کی ہوسکتی ہے اس پر بھی وضاحت ہونی چاہیے، یہاں توہین عدالت میں بھی تفریق کی جاتی ہے ، سلیم کوثر نے کئی دہائیوں پہلے کہا تھا، تم نے سچ بولنے کی جرات کی یہ بھی توہین ہے عدالت کی، واضح کرنا چاہتا ہوں اس ایوان کا نمائندہ اپنے لوگوں کی پراکسی ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جب ہماری پارٹی کو جھنڈا لگانے کی اجازت نہیں تھی کسی نے آواز نہیں اٹھائی، سینیٹر چودھری اعجاز کے کئی مرتبہ پروڈکشن آرڈر جاریکیے، اس ایوان میں بارہ لوگوں کی موجودگی میں الیکشن میں تاخیر کا بل پاس کیا گیا تو کیا یہ پارلیمنٹ کی عزت تھی؟ ایک چیف جسٹس نے کہا الیکشن کرائے جائیں تو اس پر عمل نہیں کیا گیا، ایک جج کے پاس کون سی فورس ہوتی جو وہ اپنے فیصلے پر عمل کرائے، پارلیمنٹ کی توقیر کا آئین کے حوالے سے تحفظ کرنا بہت ضروری ہے، اس کو ذاتی ایجنڈا نہ بنایا جائے، جب ذاتی ایجنڈوں پر بات ہوتی ہے تو طیش آتا ہے۔

،ن لیگ کے سینیٹر طلال چودھری نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پوری مہذب دنیا میں توہین عدالت کا قانون ختم ہوچکا ہے، کسی مہذب دنیا میں عدالتیں کسی عام شہری کو بھی نوٹس نہیں کرتیں، آئین بنانے والوں کو سزا دینے سے نہیں آئین توڑنے والوں کو سزا دینے سے عدلیہ کا وقار بڑھے گا، پارلیمنٹ کی توہین کب نہیں ہوئی، وزیراعظم کو پھانسی کو لٹکایا گیا، کسی شہزادی کو اتنی جلدی نکالا نہیں جاسکتا جتنی جلدی وزیراعظم کو تاحیات نکال دیا جاتا ہے، عدالت اپنا وقار اپنے فیصلوں سے بلند کرے، عدالتیں اپنی کارکردگی سے وقار بہتر کریں، اگر آپ سسلین مافیا، گارڈ فادر اور پراکسی کے الفاظ استعمال کریں گے تو کون برداشت کرے گا، چیف جسٹس صاحب میں چپ رہا تو مجھے مار دے گا میرا ضمیر، میں بول پڑا تو عدالت میں مارا جاو¿ں گا۔

جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا تاثر مل رہا ہے یہ اجلاس بلانے کا مقصد ایک ہی ہے، ایک سپریم کورٹ اور کچھ ہائی کورٹس کے ججز آج بھی نشانے پر ہیں، شاید وجہ یہ ہے کہ کوئی فیصلہ یا ریمارکس نہ آئے، لگتا ہے کچھ ججز کیخلاف ایک پراکسی شروع ہوئی ہے اور ہم بھی اسی کیساتھ چل رہے ہیں، یہ جو کچھ ہورہا ہے ٹھیک نہیں ہورہا۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا لگتا ہے اس اجلاس کو خاص مقصد کیلئے بلایا گیا ہے کہ ہم اس ایوان سے عدلیہ، ججز کو جواب دہ بنائیں، آج ایک دفعہ پھر پارلیمان استعمال ہورہا ہے، جو استعمال کررہے اس کی بات نہیں ہورہی، یہ ملک اس لئے نہیں بنا کہ بندوق والے حکمران ہوں بلکہ آپ محافظ ہیں، قصہ مسنگ پرسنز سے شروع ہوا اور اختتام میں پارلیمان اور عدلیہ کو آمنے سامنے ہونا پڑا، جوڈیشری بات کرتی ہے ایک آئی ایس آئی کے کرنل کی تو تکلیف کہیں اور سے اٹھتی ہے، اس طرح بات ہوگی تو پراکسی نہیں کہا جائے گا تو پھر کیا کہا جائے گا؟۔

سینیٹر کامران مرتضی نے کہا سابق سینیٹر مشتاق احمد غزہ بچاو¿ تحریک چلا رہے ہیں ، ان کی تحریک کے کارکنوں پر گاڑی چڑھائی گئی ہے اور 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،چیئرپرسن شیری رحمن نے کہا معاملے پر وزیرداخلہ سے رپورٹ طلب کرلیتے ہیں،سینیٹر شیری رحمن نے سینیٹر فیصل واوڈا کا معاملہ سینٹ سیکرٹریٹ کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی سینٹ سیکرٹریٹ معاملے پر اپنی رپورٹ بناکر چیئرمین سینٹ کو ارسال کرے،بعدازاں اجلاس جمعے کی صبح 10:30 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔