سیالکوٹ (بیورورپورٹ) انسانی سمگلروں نے سیالکوٹ کے تین نوجوانوں کو ایران سے کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ دیکر ایران میں اغوا کرلیا۔ تاوان کےلئے 80، 80 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے برہنہ کرکے تشدد کی ویڈیو لواحقین کو بھجوادی جس سے مغویوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا، حکومت سے فوری بازیابی کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ائیر پور ٹ کے گاﺅں سورج کے رہائشی عثمان نامی شخص کا ایران میں مقیم انسانی سمگلروں سوشل میڈیا پر رابطہ تھا اور عثمان اپنے علاقہ میں نوجوانوں کو کینیڈا بھجوانے کی ترغیب دیتا تھا جس پر 24سالہ شیراز علی سکنہ سید والی، 26سالہ تنویر عباس سکنہ بہادر پور اور 23سالہ نعمان علی سکنہ دھوپوالی نے عثمان سے رابطہ کیا جس نے تینوں نوجوانوں کے لواحقین کو بتایا کہ وہ تینوں کو اڑھائی ،اڑھائی لاکھ روپے کے عوض زیارت کے ویزا پر ایران بھجوائے گا جہاں پر دوسرے ایجنٹ انہیں کینیڈا بھجوائے گئے اور کینیڈا بھجوانے کی رقم 65،65 لاکھ روپے اس وقت ادا کرنا ہوگی جب وہ کینیڈا میں کام پر لگ جائیں گے جس پر تینوں نوجوانوں کے لواحقین عثمان کی چوڑائی چپوٹی باتوں میں اپنے بیٹوں کو سنہری مستقبل کیلئے ایران بھجوانے پر راضی ہوگئے اور عثمان کو اڑھائی ،اڑھائی لاکھ روپے ادا کردئےے جس نے تینوں نوجوانوں کے ایرانی ویزا لگواکر انہیں 12 مئی کو ایران بھجوادیاجہاں پر ایران میںانسانی سمگلروں نے انہیں ائیر پورٹ سے اپنے خفیہ اڈہ پر منتقل کردیا اور تشدد کرنے کی ویڈیو تیار کرکے مغوی نوجوانوں کے لواحقین بھجوادی۔ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ مغوی نوجوان تشدد سے نڈھال ہو کر اپنے لواحقین سے 80،80 لاکھ روپے اغواءکاروں کو دینے پر اصرار کررہے ہیں۔ اپنے بیٹوں کی تشدد زدہ ویڈیو دیکھ کر مغویوں کے گھر میں کہرام مچ گیا ہے اور تنویر عباس کی والدہ کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ لواحقین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے بچوں کو بحفاظت بازیاب کرواکر پاکستان واپس لایا جائے۔
کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ،انسانی سمگلروں نے سیالکوٹ کے 3 نوجوانوں کو ایران میں اغوا کرلیا



















